مہنگائی کاطوفان حکومت نے پیٹرول بم گرادیا،یوٹیلٹی اسٹورزپراشیاء بھی مہنگی
شیئر کریں
رات اندھیرپیٹرول بم
گرانے کی روایت برقرار
یوٹیلٹی اسٹورز
حکومت نے رات گئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی روایت برقراررکھی،پیٹرول کی قیمت بڑھا کر 237 روپے 43 پیسے کر دی گئی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 247 روپے 43 پیسے پر برقرار
دالوں ،کوکنگ آئل ،گھی ،آٹا،دالوں کی قیمت میں اضافے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورزپرمصالحہ جات مرچ ،ہلدی،کالی مرچ ،دھنیاپائوڈر،لونگ،وڑامرچ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،عوام کی مشکلات میں اضافہ
اسلام آباد (بیورورپورٹ)حکومت نے 6 روز کی تاخیر کے بعد بالآخر پیٹرولیم مصنوعات کی نظرثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا مزید اضافہ ہوگیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق باضابطہ طریقہ کار یہ ہے کہ نظر ثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن رات 12 بجے کے قریب جاری کیا جاتا ہے، تاہم اس بار فنانس ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن 2 گھنٹے تاخیر کے بعد رات کے تقریباً 2 بجے جاری کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 235 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 237 روپے 43 پیسے کر دی گئی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 247 روپے 43 پیسے پر برقرار رکھی گئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے 30 پیسے کم کر کے 210 روپے 32 پیسے سے 202 روپے 2 پیسے کر دی گئی ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 4.26 روپے کمی کے بعد 201.54 روپے سے کم ہو کر 197.28 روپے ہو گئی ہے۔قیمتوں پر نظر ثانی 15 ستمبر کے بعد کی جانی تھی تاہم مسلم لیگ (ن)کی زیر قیادت اتحادی حکومت اس معاملہ پر مخمصے کا شکار رہی۔
اسلام آباد(بیورورپورٹ) ملک میں پٹرول کی قیمت بڑھنے کے ساتھ ہی یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے صرف کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے مرچ ،ہلدی ،کالی مرچ، سمیت مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ، اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق یوٹیلٹی برانڈ کے مصالحہ جات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں، جس کے مطابق 400 گرام مرچ 40 روپے مہنگی کر دی گئی ہے جب کہ 200 گرام مرچ کی قیمت 320 روپے سے بڑھا کر 360 روپے کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں 100 گرام ہلدی کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کرنے کے ساتھ 50 گرام لونگ کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 50 گرام لونگ کی قیمت 165 روپے سے بڑھ کر 225 روپے ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ 100 گرام دھنیا پاڈر 10 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے، جس سے 100 گرام دھنیا پاڈر کی قیمت 45 روپے سے بڑھا کر 55 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دڑا مرچ کا 200 گرام کا پیک 20 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 100 گرام گرم مصالحہ کا پیک 20 روپے مہنگا ہو گیا ہے جب کہ 50 گرام کالی مرچ 17 روپے مہنگی کر دی گئی ہے۔