سندھ : ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا
شیئر کریں
ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 388 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 324کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ ضلع شرقی میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع شرقی 132 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع وسطی 69، ضلع جنوبی 52 کیسز ، کورنگی 42 ، ضلع ملیر 13 ، ضلع غربی 6 اور ضلع کیماڑی میں 10کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ حیدرآباد 36، شہید بے نظیر آباد 18 ، سکھر 3 ، میرپور خاص 3 اور لاڑکانہ میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں ماہ یکم ستمبر سے اب تک کراچی میں 2469کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اب تک کراچی میں 11افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں 6 ،وسطی 3 ،جنوبی 1 اور ملیر میں 1 شخص ڈینگی کے سبب جان کی بازی ہارا ہے۔ کراچی میں ڈینگی روکنے کے لیے کمشنر کراچی کی جانب سے نیا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ کراچی میں تعلیمی اداروں میں ایک ماہ تک پی ٹی اور اسمبلی پر پابندی کا فیصلہ عائد کیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کو مکمل آستین اسکول ڈریسز پہننے کی ہدایت کی جائے اور تعلیمی اداروں میں صفائی کا خیال رکھا جائے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پہلے سے کھڑے پانی کی نکاسی اور اسپرے کیا جائے ۔