میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے

اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۸ اگست ۲۰۲۲

شیئر کریں

شہباز گل کے ریمانڈ کے معاملے پر وفاقی اور پنجاب پولیس میںتکرار بھی ہوئی،وفاق کی جانب سے رینجرز طلب کرنے کے احکامات جاری ہوئے
شہباز گل کو جیل سے اغوا کیا گیا، اپنی مرضی کے بورڈ سے مرضی کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا کون سے قانون میں لکھا ہے؟ فو اد چوہدری کا رد عمل
راولپنڈی(نیوز:ایجنسیاں)اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے ریمانڈ کے معاملے پر اسلام آباد اور پنجاب پولیس میں ٹھن گئی جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز طلب کیے جانے کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شہباز گِل کو اسلام آباد پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں کئی گھنٹے تک ڈرامائی صورت حال رہی اور عدالتی حکم ساتھ لانے والی اسلام آباد پولیس شہباز گِل کو ساتھ لے جانے پر مصر رہی لیکن جیل انتظامیہ نے شہباز گِل کو حوالے کرنے سے صاف انکار کردیا، اس دوران اڈیالہ جیل کے باہر پنجاب پولیس کی نفری اوراسلام آباد پولیس کے مابین تکرار بھی ہوئی اور جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر اسلام آباد پولیس نے پہرہ بھی دیا۔ تاہم بعد ازاں وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز طلب کیے جانے کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ اسلام آباد پولیس شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے لے کر روانہ ہوگئی ہے اور ان کو پہلے میڈیکل کیلئے پمز منتقل کیا گیا۔ وفاقی پولیس کے حوالے کیے جانے کے بعد پنجاب پولیس کے اہلکار بھی اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔ وزارت داخلہ کا کہنا تھاکہ رینجرزکوعدالتی احکامات پر عملدرآمد کیلئے طلب کیا گیا۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق اڈیالہ جیل حکام نے شہبازگل کو حوالے نہ کیا تو توہین عدالت کا کیس دائرکیاجاسکتا ہے۔دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شہباز گل پرجسمانی ریمانڈ کے دوران کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا، ملزم نے نہ ہی عدالت میں پیش کرنے پر کوئی ایسی بات کی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل کا باقاعدہ میڈیکل کروایا گیا، کوئی تشدد نہیں ہوا۔ عدالتوں اور معزز ججز نے میڈیکل کا باقاعدہ معائنہ کیا۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس تشدد سے متعلق تمام الزامات کی تردید کرتی ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ شہباز گل کو جیل سے اغوا کیا گیا، اپنی مرضی کے بورڈ سے مرضی کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا کون سے قانون میں لکھا ہے؟ پاکستان اس وقت بد ترین فسطائیت کا سامنا کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کارکنان ہر طرح کی صورتحال کیلئے تیار رہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں