میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج ضرورہوگا‘عمران خان،اجازت نہیں دیں گے ‘وزیرداخلہ

الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج ضرورہوگا‘عمران خان،اجازت نہیں دیں گے ‘وزیرداخلہ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۴ اگست ۲۰۲۲

شیئر کریں

چیرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کیا ہم آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے سارے ملک کو جمود کردیں، فوج ملکی سالمیت کا اہم حصہ ہے مگر ملک کے لیے معیشت بھی بہت اہم جز ہے۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ جیسی احمقانہ رپورٹ نہیں دیکھی، الیکشن کمیشن نے دو رپورٹیں بنائیں، ایک رپورٹ کسی کی فرمائش پر شامل کی، جس میں کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈڈ ہے، الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ سازش میں ملوث ہے۔ الیکشن کمشنر نے ہمیں فارن فنڈڈ کہہ کر ہماری توہین کی ہے،شکریہ ادا کرتا ہوں کہ یہ میرا نام ای سی ایل میں ڈالے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ سامنے نہیں لا رہے، نیوٹرل نے سکندر سلطان کی گارنٹی دی تھی کہ یہ نیوٹرل رہے گا، سکندر سلطان کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنا بڑی غلطی تھی، الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ سازش میں ملوث ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فنڈ سامنے کیوں نہیں آ رہے، دونوں جماعتوں نے سیٹھ پالے ہوئے ہیں، جن سے یہ پیسے لیتے ہیں،ہم الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشنل کونسل میں جائیں گے اور آج بروز جمعرات الیکشن کمیشن کے باہر پرامن احتجاج بھی کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں نومبر کو سوچنے کے بجائے ابھی کا سوچنا چاہیے کیونکہ حالات بہت خراب ہیں، ٹیکسٹائل کی فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، توانائی کا شدید بحران ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے روزگار بند ہورہے ہیں۔ مہنگائی دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے، عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے تو ایسی صورت میں ہمیں معیشت کا سوچنا چاہیے، سارے مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردے پھر ہم بیٹھ کر بات کرنے کے لیے بھی تیار ہیں مگر ن لیگ، پی پی کے ذہن میں بس ایک بات ہے کہ یہ کسی بھی طرح پی ٹی آئی کو کھیل سے باہر کردیں مگر یہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میرے لندن میں اثاثے نہیں اور نہ میں باہر جانا چاہتا ہوں، میرا سب کچھ پاکستان میں ہے اس لیے اگر حکومت ای سی ایل میں نام ڈالتی ہے تو میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ویسے بھی مجھے یہ کس بات پر گرفتار کریں گے کیونکہ میرے خلاف کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ سازش میں ملوث ہے، پی پی اور ن لیگ نے بڑے بڑے سیٹھ پالے ہوئے ہیں جن سے یہ پیسے لیتے ہیں اور پھر اس کو الیکشن میں استعمال کرتے ہیں۔ الیکشن کمشنر کی سلیکشن پر لوگوں نے شور مچایا تھا یہ ن لیگ کا آدمی ہے، ہم الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشنل کونسل میں جائیں گے اور آج بروز جمعرات الیکشن کمیشن کے باہر پرامن احتجاج بھی کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے سینٹ الیکشن میں پیسہ استعمال ہوا، ان سے بھی پوچھا جائے کہ بندے خریدنے کے لیے ان کے پاس پیسہ کہاں سے آتا ہے، دونوں پارٹیوں نے ملکر 18 ویں ترمیم کے نام پر بڑی غلط چیزیں کی ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج حکومت اور الیکشن کمشنر کی وجہ سے ہماری قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، اگر ملک کو مسائل اور اس دلدل سے نکالنا ہے تو اس کے لیے صاف اور شفاف الیکشن ضروری ہیں، ہمارے ملک کی پوزیشن ہر گزرتے دن کے ساتھ نیچے جارہی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوسکتے ہیں انہیں جمعرات کو دفتر کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی پاکستان تحریک انصاف والے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کرے۔ اگر کوئی ایڈوانچر کیا توپوری طاقت سے نمٹیں گے، کل ریڈ زون میں داخل اورالیکشن کمیشن آفس کے سامنے آنے کی جسارت نہ کریں، کوئی جلدی نہیں، ہرچیزآئین وقانون کے مطابق کریں گے۔ یہ بات انھوں نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا آفس ریڈ زون میں ہے، ریڈ زون میں کسی کوبھی احتجاج کی اجازت نہیں، ان کو انتباہ کرتا ہوں ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔ ریڈ زون کے بجائے ایچ نائن پارک میں احتجاج کرسکتے ہیں، ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اگرکسی نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی تو پھر قانون کے مطابق روکا جائے گا،اطلاعات ہیں یہ الیکشن کمیشن پرحملہ آور ہو سکتے ہیں، خبردار کرتا ہوں کوئی ریڈ زون میں داخل نہ ہو، پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، ایچ نائن پارک میں پرامن احتجاج کی اجازت دیں گے، پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فیصلے میں عمران خان بیرونی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں، عمران خان نے پاکستان کی سیاست کو گندہ کیا اور نفرت پھیلائی، عمران خان نے اوئے، توں کا کلچر متعارف کرایا، کابینہ کے اجلاس میں بنیادی فیصلے ہوں گے، الیکشن کمیشن فیصلے میں مجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی، جس میں منی لانڈرنگ، جعل سازی اور فیک اکاونٹس کی نشاندہی کی گئی، فیصلے کی بنیاد پرہم جائزہ لے رہے ہیں۔ ہرچیزآئین وقانون کے مطابق کریں گے، انہوں نے غریب لوگوں کے ناموں پر اکاونٹس کھلوائے انہیں تومعلوم ہی نہیں، دوسروں پر چپڑاسی، گول گپے والوں کا الزام لگاتے ہیں، اب ان کے اپنے چپڑاسیوں کے نام سامنے آرہے ہیں، وقت کے ساتھ اگرکسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنا یا گرفتارکرنا ہوا توکریں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر کوئی جماعت کسی ملک یا فارن نیشنل سے فنڈنگ لے تو فارن ایڈڈ پارٹی ڈکلیئرہوگی، اگرفارن ایڈڈ پارٹی ڈکلیئرہوگی توڈکلیریشن ہوگی۔ الیکشن کمیشن فیصلہ، اگرچوہا نکلا ہے تو پھر کیا چوہے کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں، جیسے جیسے انہوں نے فیصلہ پڑھا پھر انہوں نے احتجاج کا فیصلہ کیا، کابینہ چاہے تو پی ٹی آئی کو فارن ایڈڈ پارٹی قراردے سکتی ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی جلدی نہیں تمام قانونی پہلووں کا جائزہ لیکرفیصلہ کریں گے۔ ریڈ زون میں داخل اورالیکشن کمیشن آفس کے سامنے آنے کی جسارت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کیا سپریم کورٹ صرف 3 رکنی بنچ ہی ہے، ریفرنس دائرکریں گے تو استدعا ہو گی اسے فل کورٹ بنچ سنے، نوازشریف نے واپسی کا فیصلہ خود کرنا ہے، پارٹی نے درخواست کی ہے الیکشن میں نوازشریف پارٹی کولیڈ کریں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں