حکومتی پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ کیا گیا‘فواد چوہدری
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ ہر براہ راست حملہ لانچ کیا گیا ،موجودہ حکومت نے سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کیلئے یہ کام کیا،خاتون ضمانت پر ہونے کے باوجود عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کرتی رہیں،باچا خان کی پاکستان کیلئے کوئی خدمات نہیں ہیں، وہ تو کانگریس کے لیڈر تھے،فضل الرحمن دھمکیاں دے رہے ہیں ، ان کا پنجاب سے تعلق ہی کیا ہے ؟۔شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ خاتون ضمانت پر ہونے کے باوجود عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کرتی رہیں، اس سے زیادہ لحاظ کیا ہو گا، اتنا لحاظ آج تک کسی کا نہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) کی پنجاب میں کتنی نشستیں ہیں، پی ڈی ایم نے بھانت بھانت کے لوگ جمع کیے ہیں جن کی اپنے حلقے میں بھی کوئی حیثیت نہیں ہے، ایک صاحب کہتے ہیں کہ میں باچا خان کا پوتا ہوں اور بڑی دلچسپ بات کی کہ باچا خان کی پاکستان کے لیے جو خدمات ہیں لیکن باچا خان کی پاکستان کے لیے کوئی خدمات نہیں ہیں، وہ تو کانگریس کے لیڈر تھے اور انہوں نے پاکستان بننے کی حد درجہ مخالفت کی، وہ ہندوستان کے بڑے لیڈر تھے لیکن پاکستان سے ان کا کوئی تعلق نہ تھا، انہوں نے تو پاکستان میں دفن ہونا بھی پسند نہیں کیا، کابل جا کر دفن ہوئے۔انہوںنے کہاکہ اسی طرح بلاول بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کی بات کرتے ہیں تاہم آپ کا ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی پالیسیز سے ایک ہی تعلق ہے کہ آپ نے بینظیر بھٹو کے گھر جنم لیا ورنہ جو آپ سندھ میں سندھیوں کے ساتھ کررہے ہیں جہاں 14سال سے آپ کی حکومت ہے، آج بار ہوتی ہے تو پورا سندھ اور کراچی وہ ڈیم بن جاتا ہے۔انہوں نے پیپلز پارٹی پر الزام لگایا کہ آپ یہاں اسلام آباد میں پنجاب کی حکومت کو خریدنے چلے ہیں، سندھ کے پیسے آپ نے یہاں لگائے اور والد صاحب آپ کے یہ جانتے ہوئے رات فرار ہو گئے ہیں کہ اب آپ کی حکومت محض چند دن کی مہمان ہے، آپ سب لوگوں نے اپنے سامان پیک کر لیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں مریم اورنگزیب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کس طرح ایک سزا یافتہ مجرم مریم نواز کو وزیراعظم سیکریٹریٹ دیا گیا کہ وہ وہاں پریس کانفرنس کر سکے، پھر پاکستان ٹیلی ویژن کی سہولتیں ان کو دی گئیں اور تمام ان کی حکومتوں نے سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کے لیے کام کیا۔انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ ہر براہ راست حملہ لانچ کیا گیا، اس حکومت نے سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کیلئے یہ کام کیا، سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کی پرانی روایات ہیں، سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا، بلاول بھٹو کو مریم نواز کے ساتھ بیٹھتے وقت یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ بے نظیر بھٹو تو ساری عمر شریف خاندان کے ظلم و جبر کا شکار رہیں، اگر آپ میں تھوڑی سی بھی شرم و غیرت اور نظریہ باقی ہوتا تو آپ اس پریس کانفرنس میں نہ بیٹھتے، ویسے بھی آپ کا پنجاب سے کیا تعلق ہ گیا ہے، چھ تو آپ کی سیٹیں ہیں، اگلی مرتبہ ان میں سے ایک بھی نشست آپ کی نہیں رہنی ہے۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ فضل الرحمن دھمکیاں دے جا رہے ہیں لیکن ان کا پنجاب سے تعلق ہی کیا ہے، پنجاب سے آپ پانچ فیصد ووٹ بھی نہیں لے سکتے، ان گیارہ جماعتوں نے مل کر عمران خان سے ان الیکشن میں بری طرح شکست کھائی ہے، لوگوں نے اپنا فیصلہ دیا ہے اور اس فیصلے کے بعد اگر آپ میں ذرا سی بھی شرم ہوتی تو آپ گھر چلے جاتے۔انہوںنے کہاکہ اب آپ سپریم کورٹ کو بیک میل کرنے پر آگئے ہیں، رولنگ بالکل سیدھی سادی ہے۔