میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
این اے 245ضمنی الیکشن،اے این پی کا ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان

این اے 245ضمنی الیکشن،اے این پی کا ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان

ویب ڈیسک
هفته, ۱۶ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)نے قومی اسمبلی کے حلقے 245 پر ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا کہ ہم کراچی کو بہتر کر نے کیلئے مل کر کام کریں گے، بااختیار بلدیاتی نظام چاہتے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے کہا کہ اتحاد سے ہی ملک کوآگے لیکرجا سکتے ہیں،ہم مل کر صوبے، شہر اور ملک کے لیے امن کا پیغام دیں گے۔ اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید اور ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے جمعہ کے روز کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔شاہی سید نے کہا کہ این اے 245 ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم کو اے این پی سپورٹ کرے گی، ساتھ ہی بلدیاتی الیکشن میں بھی ہم ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ ہم بااختیار بلدیاتی نظام چاہتے ہیں، میئر کے پاس اختیار ہی نہ ہو تو اس سے کیا گلہ کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں نکالیں۔شاہی سید نے سندھ میں جاری حالیہ کشیدہ صورتحال پر کہا کہ جو حیدرآباد میں واقعہ ہوا اور پھر جو دکانیں اور ہوٹلوں کو بند کیا گیا ہم سب کی مذمت کرتے ہیں۔ نہ سندھی کا یہ کام ہے، نہ پختونوں کا، یہ صرف دہشت گردوں کا کام ہے، حکومت ان دہشت گردوں سے سختی سے نمٹے۔ اے این پی سندھ کے صدر نے کہا کہ پختونوں کے کاروبار کو کھولا جائے اور انہیں تحفظ دیا جائے، کل سہراب گوٹھ پر جو ہوا وہ بہت غلط ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعداب پارلیمنٹ کا کام ہے کہ فیصلہ کرے کہ یہ غداری کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں۔اس موقع پر وسیم اختر نے کہا کہ این اے 245 میں اے این پی مکمل طور پر ایم کیو ایم کو سپورٹ کرے گی، جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن میں بھی جہاں ضرورت ہو گی ہم ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم مل کر صوبے، شہر اور ملک کے لیے امن کا پیغام دیں گے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اتفاق سے اس ملک کو آگے لے کر جائیں، بلدیاتی نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ ہم ساتھ ہیں اور بلدیاتی انتخابات میں بھی ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے،اس کی روشنیوں کی بحالی کیلئے مل کر کام کریں گے۔عہد کرتے ہیں کہ ہم مل کر اس شہر کی بہتری کیلئے کام کریں گے،اتحاد سے ہی ملک کوآگے لیکرجا سکتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں