منی لانڈرنگ کیس، مونس الہٰی ایف آئی اے میں پیش
شیئر کریں
مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما مونس الہٰی ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوگئے۔ ایف آئی اے لاہور نے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جس سلسلے میں وہ گزشتہ روز رات کو ایف آئی اے کے دفتر پہنچے تاہم ایف آئی اے حکام نے انہیں جمعرات کی صبح پیش ہونے کی ہدایت کی۔ مونس الہی کو صبح ساڑھے 8 بجے طلب کیا گیا تھا جس پر وہ مقررہ وقت پر ایف آئی اے کے دفتر پہنچے۔ شوگر کمیشن کے انکشاف کے بعد مونس الہٰی کے خلاف رحیم یار خان کی شوگر مل کے کیس میں 720 ملین روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ (ق)لیگ کے رہنما کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز 2 سال قبل ہوا، ان کے خلاف شوگر کمیشن نے منی لانڈرنگ کا انکشاف کیا تھا جبکہ مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی رپورٹ پر درج کیا گیا۔