فنانس بل 2022-23 کی کاپی سینیٹ میں پیش کر دی گئی
شیئر کریں
سینیٹ میں بھی فنانس بل2022-23 کی کاپی پیش کر دی گئی ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے فنانس بل پر اراکین سے سفارشات طلب کر لیں،یہ سفارشات قومی اسمبلی بھجوائی جائیں گی،اپوزیشن نے بجٹ نا منظور نا منظور کے نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ کر پھینکیں۔ جمعہ کے روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، وفاقی و زیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایوان میں فنانس بل2022-23 کی کاپی پیش کی، اجلاس کے دوران تحریک انصاف نے احتجاج اور شور شرابہ کیا، ایوان بجٹ نا منظور نا منظور کے نعروں سے گونجتا رہا،اپوزیشن کے اراکین ایوان کی کارروائی کے دوران مسلسل امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگاتے رہے، جبکہ پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر نے فنانس بل کی کاپیاں پھاڑ کر پھینکیں ۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بجٹ پر اراکین سے سفارشات سات روز میں طلب کر لیں، ہدایت کی کہ اراکین اپنی سفارشات خزانہ کی متعلقہ کمیٹی کو بھجوائیں، چیئرمین صادق سنجرانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ سے دس روز میں سفارشات پر رپورٹ طلب کی ہے،سفارشات قومی اسمبلی بھجوائی جائیں گی ، شور شرابے کے دوران ہی چیئرمین صادق سنجرانی نے سینیٹ اجلاس پیر سہ پہر چار بجے تک ملتوی کر دیا ۔