اسلام آباد،لاہورکے داخلی خارجی راستے بند
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کو روکنے کیلئے مختلف شاہراہوںکو کنٹینرز اوردیگر ٹرانسپورٹ کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ، موٹروے اور جی ٹی روڈکو مختلف مقامات پررکاوٹیں کھڑی کر کے دونوں اطراف سے عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ،جی ٹی روڈ اور موٹروے سے ملحقہ شاہراہوں کو بھی بند کر دیا گیا ۔لاہور اوراسلام آباد جانے اور آنے والے راستوں کو مختلف مقامات پر کنٹینرز اور دیگرٹرانسپورٹ کھڑی کر کے عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔ لاہور میں داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز اور دیگر ٹرانسپورٹ کھڑی کر دی گئی جس سے گاڑیوں کی طویل قطارں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے مسافر پیدل سفر کرتے ہوئے دکھائی دئیے ۔ کئی مقامات پر شہری متبادل راستوں کی تلاش کیلئے موٹرسائیکلیں ڈیوائیڈر سے اٹھا کر دوسری طرف لے جانے کیلئے کوشاں رہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد میں موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کو بند کردیا گیا، موٹروے پر لاہور، اسلام آباد جانے والی ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے کے تمام انٹرچینجز پر کنٹینر لگادئیے گئے اور پولیس تعینات کردی گئی۔ موٹروے ایم 3 پر جڑانوالہ اور سمندری انٹرچینج کو بند کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے ایم 4 پر امین پور، ساہیانوالہ اور ڈپٹی والا انٹرچینج کو بھی بند کردیا گیا، ٹرانسپورٹ اڈوں پر سے لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے سروس بند ہے۔ملتان سے لاہور جانے والی موٹروے ایم 4 کو عبدالحکیم انٹرچینچ سے بند کردیا گیا۔گجرات میں دریائے چناب پل پر کنٹینرز لگادئیے گئے، لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک بند کردی گئی، دریائے چناب پل پر پولیس نفری بھی تعینات کردی گئی۔گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر سادھوکی کے مقام پر کنٹینرز کھڑے کر دئیے گئے، جی ٹی روڈ کی بندش سے لاہور سے گوجرانوالہ آنے والی ٹریفک بند ہے۔سرگودھا میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کے لیے سالم انٹرچینج پر کنٹینرز لگادئیے گئے، تاہم خوراک لے جانے والی گاڑیوں اور بیرون ملک جانیوالے شہریوں کو موٹروے پر داخلے کی اجازت ہے۔اسلام آباد کوہاٹ روڈ کو خوشحال گڑھ اور منکور چیک پوسٹ پر کنٹینر زلگا کر بند کردیا گیا۔اسلام انتظامیہ نے ایوب چوک، ایکسپریس وے، نادرا چوک اور سرینا چوک کو کنٹینر زلگاکر بند کردیا جبکہ ریڈ زون داخلے کیلئے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ بحال ہے۔اسلام آباد پشاور موٹر وے ایم ون کو اٹک کے مقام ہارون پل اور ہزارہ موٹر وے کو شاہ مقصود انٹرچینج کے مقام سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے علاوہ لاہور اور ملتان کے درمیان موٹروے پر شیر شاہ، شاہ شمس، رانگو پل اور شاہ رکن عالم انٹرچینجز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے جی ٹی روڈ کو بھی مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ دریائے جہلم پر قائم پلوں کو بھی مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، لوگ کنٹینرز کے نیچے سے لیٹ کر گزرنے پر مجبور ہیں۔پنجاب بھر سے اسلام آباد جانے والی مسافر اور گڈز ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ہے۔