میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پنجاب پولیس کا پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈائون،فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شہید

پنجاب پولیس کا پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈائون،فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شہید

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۵ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

پنجاب پولیس نے تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے قبل مختلف مقامات پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار کر گرفتاریاں کر لیں ،پیشگی منصوبہ بندی کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی وجہ سے مرکزی و صوبائی رہنمااور متحرک کارکنان کی اکثریت کو گرفتار نہ کیا جا سکا تاہم پولیس نے کئی رہنمائوں کے قریبی رشتہ داروںاور ملازمین کو گرفتار کر لیا ،لاہور کے علاقے ماڈل ٹائون میں پی ٹی آئی رہنما کے گھر چھاپے کے دوران ایک مکان کی چھت سے کی گئی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہوگیا، پولیس کے مطابق اہلکار کمال احمد کو سینے پر گولی لگی جسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا،پولیس کے مطابق فائرنگ کے الزام میں گھر کے مالک ساجد اور اس کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنمائوں اور میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ بیانات کے مطابق پولیس نے رات کے پچھلے پہر پارٹی رہنمائوں اور متحرک کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے اور ا س دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، پولیس پر گھروں میں توڑ پھوڑ کررنے اور تشدد کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب مسرت جمشید چیمہ کے ویڈیو بیان کے مطابق ان کی گاڑیوں کی چابیاں چھین لی گئیں اور گاڑیوں کے آگے پیچھے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے پولیس چھاپوں کے خلاف جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ میرے گھر پر رات کو چھاپہ مارا گیا، ملازمین کو ہراساں کیا گیا۔راجہ بشارت نے کہا کہ رات ڈیڑھ بجے گھر چھاپہ مارناایک انتہائی گھٹیا حرکت ہے، یہ ہتھکنڈے حقیقی آزادی مارچ کومتاثر نہیں کر سکتے، قوم نے 25 مارچ کو عمران خان کے ساتھ نکلنا ہے۔پی ٹی آئی میڈیا سیل کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی یوتھ رہنما حافظ تنویر کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، تاہم حافظ تنویر گھر پر موجود نہیں تھے جس کے بعد پولیس واپس چلی گئی۔سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا مگر وہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے، پولیس گھر کی تلاشی لے کر واپس روانہ ہوگئی۔رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل نے بتایا کہ میرے گھرپر 15 پولیس اہلکاروں نے چھاپہ مارا، گھر میں موجود خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی ۔سعدیہ سہیل کاکہنا تھا کہ پولیس والوں نے کوئی وارنٹ نہیں دکھائے، گھر کی تلاشی لی اورجاتے ہوئے اہلکار میری سرکاری گاڑی بھی لے گئے۔سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما تحریک انصاف طارق محمود الحسن کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیامگر وہ گھر پر موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار نہ کیا جاسکا۔پی ٹی آئی کے بانی رکن ملک اشتیاق کے گھر لاہور میں پولیس نے چھاپہ مارا مگر وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔لاہور پولیس نے رہنما تحریک انصاف یاسر گیلانی کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا ، اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے گھر کا گیٹ توڑنے کی کوشش کی اور گھر میں موجود بچوں اور خواتین کو ہراساں کیا۔چونگی امر سدھو میں پی ٹی آئی رہنما مہر نعیم اللہ تاج کے گھرپر بھی چھاپہ مارا گیا ہے، نعیم اللہ تاج نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے اہل خانہ سے بدتمیزی کی اور ملازمین کو زدوکوب کیا۔پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات فرخ جاویدمون کے گھر پربھی پولیس پہنچ گئی تاہم فرخ جاوید گھر کے پچھلے دروازے سے باہر نکل گئے۔پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق پولیس نے سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے گھر پولیس نے چھاپہ مار کر ان کے بھائی افضل اقبال کو حراست میں لے لیا، میاں اسلم اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے میرے بھائی کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پولیس نے دیواریں پھلانگ کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے۔ساندہ سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما ملک محمد ظہیر کے اہل خانہ کاکہنا ہے کہ محمد ظہیر کو چھاپے کے دوران گرفتار کرلیا گیا ہے، ملک محمد ظہیر کو ساندہ میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ۔اپرمال سے تحریک انصاف کے کارکن متیب اور خالق کو بھی گرفتار کرلیاگیا، رکن اسمبلی ملک ندیم عباس بارا کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا۔پولیس کی جانب سے پنجاب کے تمام اضلاع میں پی ٹی آئی رہنمائوں اور متحرک کارکنان کے گھروں پر چھاپوں کی اطلاعات ہیں۔ساہیوال میں ضلعی صدر پی ٹی آئی رانا آفتاب احمد نے بتایا کہ پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا،چھاپے کے وقت میں گھر پر موجود نہیں تھا۔شیخوپورہ میں کنور عمران کے گھر بھی پولیس پہنچی تو وہ موجود نہ تھے، انہوں نے بتایا کہ میرے گھر پر چھاپہ مار کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں