چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے مشاورت کاآغاز، ذوالفقارچیمہ ،عرفان قادردوڑمیں شامل
شیئر کریں
(رانا خالد قمر) چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ذوالفقار احمد چیمہ۔ بیرسٹر عرفان قادر چئیر مین نیب کی دوڑ میں شامل۔ جون کے پہلے ہفتے میں تقرری کی سمری ایوان صدر کو روانہ کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد سابقہ حکومت نے ایک آرڈیننس کے تحت عارضی بنیادوں پر چئیر مین برقرار رکھا تھا آرڈیننس کی مدت ختم ہونے پر جاوید اقبال ازخود چئیر مین شپ سے فارغ ہو جائیں گے۔ ان کی فراغت کے بعد اس عہدہ پر نئے چئیر مین کی تقرری کی جائے گی۔ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجا ریاض تین تین نام ایک دوسرے کو بھیجیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس پر کام شروع ہوچکا ہے۔ دونوں جانب مشاورت کا عمل شروع ہوچکا ہے اب تک سامنے آنے والے ناموں میں سے دو نام فیورٹ سمجھے جا رہے ہیں۔ سابق آئی جی پولیس ذوالفقار احمد چیمہ اور بیرسٹر عرفان قادر میں سے کوئی ایک متوقع طور پر چئیر مین نیب ہوگا جس کی سمری ایوان صدر بھیجی جائے گی۔ صدر عارف علوی اپنے روایتی انداز میں اس سمری پر بھی دستخط نہیں کریں گے اس کے باوجود حکومت کو یقین ہے کہ وہ اپنے بھیجے گئے ناموں میں سے ایک کو چئیر مین نیب لگانے میں کامیاب ہو جائے گی۔