میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسمبلیاں توڑو،الیکشن کرائو،25سے 29مئی کے دوران اسلام آبادمارچ کریں گے ،عمران خان

اسمبلیاں توڑو،الیکشن کرائو،25سے 29مئی کے دوران اسلام آبادمارچ کریں گے ،عمران خان

ویب ڈیسک
هفته, ۲۱ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

اگر مجھے اپنی قوم کی فکر نہ ہو تو میں چاہوں گا کہ یہ حکومت کچھ مہینے مزید چلے تاکہ ساری قوم کے سامنے ان کا اصل چہرہ آجائے ،لانگ مارچ کی تاریخ کاحتمی تاریخ کافیصلہ( اتوار کو) کور کمیٹی اجلاس میں ہوگا
مجھے کہا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، بلٹ فروف شیشہ لگالو،خوف کا بت ٹوڑنے سے ہی قوم وجود میں آتی ہے،بار بار میرا نام لیتی ہو، مریم تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ناراض نہ ہوجائے،جلسے سے خطاب
ملتان (نیوز:ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اتوار کو پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا فیصلہ کریں گے۔جلد از جلد اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ملتان میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی ڈرنے وا لا کھلاڑی بڑا کرکٹر نہیں بن سکتا، نقصان سے ڈرنے والا کوئی کاروباری بڑا تاجر نہیں بن سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کی باریاں لینے والے کرپٹ لوگوں نے مجھ سے این آر او لینے کی بڑی کوشش کی، جب میں نے این آر او دینے سے انکار کردیا تو ہماری حکومت کے خلاف سازش کی گئی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، بلٹ فروف شیشہ لگالو، خوف کا بت ٹوڑنے سے ہی قوم وجود میں آتی ہے، موت سے ڈرنے والے کسی فوجی نے کبھی بڑے تمغے حاصل نہیں کیے، جو موت سے ڈرتا ہو وہ کبھی بڑے تمغے حاصل نہیں کرسکتا، ذلت اور نوکری جانے کا خوف بڑے انسان کو چھوٹا بنا دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کرپٹ لوگوں نے مجھے بلیک میل کرنے کی بڑی کوشش کی، میرے پاکستانیو ، مجھے بتاو کیا میں ان کو این آر او دیتا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اتنی ڈرپوک حکومت ہے جو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانے سے اتنی ڈری ہوئی ہے کہ کہتے ہیں کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاو، تاکہ قیمتیں بڑھانے کا رد عمل فوج پر پڑے، یہ حال ہے اس حکومت کا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کرپٹ حکمرانوں نے ہمارے خلاف سازش کی اور ان کے ساتھ امریکا مل گیا، امریکی ایمبیسی کے لوگوں نے ہمارے لوگوں سے ملاقاتیں شروع کردیں، 8 مارچ کو ایک امریکی عہدیدار نے ہمارے سفیر کو دھمکی دی کہ اگر عمران خان کو عدم اعتماد کو شکست نہ دی تو پاکستان کے اوپر مشکل وقت آئے گا اور اگر عمران خان کو ہٹادیا تو پاکستان کو معاف کردیا جائیگا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم خود دار قوم ہیں، ہمیں ان کی معافی کی ضرورت نہیں لیکن اس ملک کی اشرافیہ امریکی دھمکی سے ڈر گئی اور 22 کروڑ کے منتخب وزیراعظم کو سازش کے تحت ہٹایا، سازش کرنے والوں نے سمجھا کہ اب تحریک انصاف کی قبر کھد گئی ہے، اب پارٹی کو خدا حافظ کہنا چاہیے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ قرآن میں اللہ کہتا ہے کہ ایک پلان انسان بناتا ہے، دوسرا پلان اللہ بناتا ہے، صرف منصوبہ کامیاب ہوتا ہے، میرے اللہ کا منصوبہ کچھ اور تھا، انہوں نے ہماری پارٹی کو دفن کرنے کی کوشش کی مگر اس نے میری ساری قوم کو جگادیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے اپنی قوم کی فکر نہ ہو تو میں چاہوں گا کہ یہ حکومت کچھ مہینے مزید چلے تاکہ ساری قوم کے سامنے ان کا اصل چہرہ آجائے کہ سوائے کرپشن کے انہوں نے آج تک کیا ہی کچھ نہیں ہے، جتنی دیر یہ حکمران چلیں گے اتنا ذلیل ہوں گے اور ان کے ساتھ سازش کرکے ان کو لانے والے بھی ذلیل ہوں گے۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا ان کو بے نقاب کرنے کے لیے ان کو چلنے دینا چاہیے مگر ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے، روپیہ گر رہا ہے، روپیہ گرنے کی وجہ سے مزید مہنگائی آنے والی ہے، کیونکہ روپیہ گرنے سے درآمد کی جانے والی ساری چیزیں پیٹرول، گیس، گھی، دالیں مہنگائی ہوجاتی ہیں، اس لیے اگر ہم سیاست کا سوچیں تو ہم چاہیں گے کہ یہ حکومت چلے لیکن جتنی دیر یہ حکومت چلے گی یہ ملک کو سری لنکا جیسے حالات کی جانب دھکیل دیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا اس تمام صورتحال میں آج میں ملتان میں یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ جلد از جلد اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘کل کے جلسے میں مریم نواز نے اتنی مرتبہ، اس جذبے سے، اس جنون سے میرا نام لیا، میں مریم نواز کو کہتا ہوں تھوڑا خیال کریں، کہیں میرا اتنی مرتبہ نام لینے پر تمہارا خاوند ہی تم سے ناراض نہ جائے’۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی آزاد عدلیہ کے لیے تحریک جنرل مشرف کے دور میں جب میں 8روز کے لیے جیل گیا تو مجھے وہاں کوئی طاقت ور ڈاکو نہیں آیا، کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی جب تک وہاں سب کے لیے ایک قانون نہ ہو، جو قوم چھوٹے چوروں کو جیلوں میں ڈالتی ہے اور بڑے ڈاکوں کو نہیں پکڑتی وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج میرا اسلام آباد جلسے سے قبل آخری جلسہ ہے، آج ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، لوٹوں کو نا اہل کردیا گیا ہے، اتوار کو میں نے پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے جس میں فیصلے کے بعد 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا اعلان کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پرسوں میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا تاکہ آپ سب کو تیاری کا وقت مل جائے، انہوں نے مزید کہ 25 سے 29 تک آپ کو اسلام آباد آنے کی تاریخ مل جائے گی اور میں چاہتا ہوں کہ آپ سب اسلام آباد آنے کی تیاری کریں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں