مسجدنبوی ﷺ کے احاطے میں مریم اورنگزیب کوگالی دی گئی، مریم نواز
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام نہیں ہو گا مگر اس کا ہرگز یہ مطلب نا لیا جائے کہ قانون اپنا راستہ نہیں لے گا۔ ریاست کا فرض ہے کہ فتنے کو کچلے۔ان خیالات کااظہار مریم نوازشریف نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اسکے ساتھیوں نے جس طرح مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کیا، انکے چہرے سے گزشتہ روز قدرت نے اس نقاب کو اتار پھینکا۔ نقاب اترنے کے بعد انکا جو مکروہ چہرہ سامنے آیا ہے، وہی انکی سب سے بڑی سزا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حرمِ پاک مدینہ منورہ میں پی ٹی آئی کی قیادت کی سرپرستی میں ہونے والی بے ادبی سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والے تڑپ کر رہ گئے ۔مجھے غصے میں بھرے سینکڑوں پیغامات موصول ہوئے کہ حکومت ایکشن کیوں نہیں لے رہی۔ حکومت کا ایکشن سیاسی انتقام تصور ہو گا اور یہ معاملہ سیاسی نہیں ہے۔مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے احاطے میں مریم اورنگزیب کو گالی دی گئی۔ اس سے بڑی بدبختی کیا ہو سکتی ہے کہ مغفرت کی راتوں میں، دنیا کی پاک ترین جگہ پر، پاک ترین ہستی کے در پر رحمتیں اور مغفرت سمیٹنے کی بجائے انسان دونوں جہانوں کی ذلتیں سمیٹ آئے۔