صدر مملکت عارف علوی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل، اٹارنی جنرل خالد جاوید کے استعفے منظور کرلیے
شیئر کریں
صدر مملکت عارف علوی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ کابینہ ڈویژن نے استعفیٰ منظور کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نئے گورنر کی تعیناتی تک اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔ خیال رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 11 اپریل کو عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ایک بیان میں عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ جیسے ہی شہباز شریف حلف اٹھائیں گے میں استعفیٰ دوں گا، نہیں چاہتا ایک لمحے کیلئے بھی شہباز شریف کو سر کہنا پڑے، یہ شخص نااہل ہے، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔عمران اسماعیل کے مطابق میں ان کو وزیراعظم نہیں مانتا ہوں، اپنی شفٹنگ کا عمل شروع کردیا ہے، استعفیٰ لکھ کر رکھ لیا ہے ،صدر مملکت کو بھیج دوں گا۔ دریں اثناء صدر مملکت نے خالد جاوید خان کا بطور اٹارنی جنرل آف پاکستان کا استعفیٰ بھی پیر کو منظور کرلیا۔ استعفیٰ کی منظوری کا اطلاق 10 اپریل 2022 سے کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ خالد جاوید خان نے 10 اپریل کو اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔