خودکش بمبارکی شناخت ہوگئی،جلد پورانیٹ ورک سامنے لائیں گے ،بیرسٹرسیف
شیئر کریں
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کوچہ رسالدار پشاور کے خودکش بم دھماکے میں ملوث عناصر کو کسی حال میں نہیں چھوڑیں گے اوران کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹ کر قرار واقعی سزادیں گے، عوام کی جان و مال کی حفاظت کا جو عہد ہم نے کیا ہے اس سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان بھی موجود تھے۔بیرسٹر سیف نے پولیس کی سکیورٹی حوالے سے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے پتہ چلتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داری میں کوئی غفلت نہیں برتی اور ان کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے ان پر بے جا الزامات لگاناصحیح نہیں ہے۔انہو ں نے کہا کہ ہماری ایجنسیاں بڑی مستعدی کا مظاہرہ کرکے سہولت کاروں تک پہنچ گئی ہیں اورر 48گھنٹوں میں ان کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے۔انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اس اندوہناک واقعے پر انتہائی افسردہ اور غمگین ہیں اور بذات خود واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کو دیکھ رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پورے صوبے میں بڑی بڑی مساجد اور تعلیمی اداروں کیلئے سکیورٹی بڑھانے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ حالات حکومت اورپولیس ڈیپارٹمنٹ کے قابو میں ہیں اور عوام کا اعتماد بحال ہے،اس طرح کے واقعات دنیا کے ترقیافتہ ممالک میں بھی ہوتے رہتے ہیں۔معاون خصو صی نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کوبہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔سی سی پی او محمداعجاز خان نے کہا کہ پولیس اہلکار جہاں بھی تعینات ہیں اپنی ذمہ داریاں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر پوری ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دے رہے ہیں۔