بحریہ ٹاؤن کراچی میں بڑی بغاوت مکینوں کایوٹیلیٹی بل جمع نہ کرانے کا اعلان
شیئر کریں
(رپورٹ :شعیب مختار) بحریہ ٹاؤن کراچی میں بڑی بغاوت ہو گئی رہائشیوں نے آخری تاریخ گزر جانے کے باوجود بھی یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی غیر ضروری قرار دیدی پر امن احتجاج کرنے کے جرم میں انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بننے والوں کا عدالت کا فیصلہ آنے تک بل نہ جمع کرانے کا اعلان ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں پانی، بجلی اور دیگر غیر ضروری وصولیوں کیخلاف رہائشیوں کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا جس پر انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے گھروں کی پانی اور بجلی کی لائنیں منقطع کر دی گئی تھیں جو بحال ہو چکی ہیں جبکہ ان کے گھروں کے باہر کھودی گئی خندقیں بھی بند کر دی گئی ہیں .انتظامیہ کے اس اقدام کیخلاف رہائشیوں کی جانب سے عدالت میں بحریہ ٹاؤن کراچی کیخلاف درخواست بھی دائر کی گئی ہے ۔گذشتہ روز بھاری بھرکم بجلی اور پانی کے بلوں کی آخری تاریخ گزر جانے کے باوجود بھی بحریہ ٹاؤن کے متعدد رہائشیوں نے انتظامیہ کے ظالمانہ فیصلے کیخلاف اپنے یوٹیلیٹی بل جمع کروانے کو غیر ضروری قرار دے دیا ہے جس کے بعد انتظامیہ تشویش میں مبتلا دکھائی دیتی ہے. اس ضمن میں بحریہ ٹاؤن کے ایک رہائشی کا جرآت سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے انتظامیہ سے پانی، بجلی و دیگر بلوں پر گزشتہ دنوں لیے گئے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی جو ان کی جانب سے رد کر دی گئی تھی تمام تر معاملے پر ہم نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے جہاں سے انصاف ملنے کی امید ہے معزز عدالت کا فیصلہ آنے تک ہم انتظامیہ کو ماہانہ بنیادوں پر کسی قسم کا کوئی بل نہیں دینگے۔