مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ،شہباز شریف
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیامیں پائیدار امن و ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ فلسطین اور جموں وکشمیر کے تنازعات اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے لئے دوبڑے چیلنج ہیں ۔دیرینہ ترین تنازعات کے حل تک اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے یو م یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری شہداکو سلام،عظیم جدوجہد پر کشمیریوں کو خراج تحسین۔ ا نہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی ساکھ کی بحالی کے لئے جموں وکشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا منصفانہ حل یقینی بنانا ہوگا۔جبکہ یوم یکجہتی کشمیر پرپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمحمد حمزہ شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی جبر و ستم نے مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں انسانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے ۔