میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک کا پیسہ لوٹنے والے بیرون ملک چلے جاتے ہیں کرپشن کے خاتمے کاوعدہ 90دن میں پوراکردیاتھا ، وزیراعظم

ملک کا پیسہ لوٹنے والے بیرون ملک چلے جاتے ہیں کرپشن کے خاتمے کاوعدہ 90دن میں پوراکردیاتھا ، وزیراعظم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۷ جنوری ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کا وعدہ پہلے90 دن میں پورا کر دیا تھا موجودہ دور حکومت میں کوئی مالی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ ،صحت کارڈ اور شہبازشریف کے خلاف کیسز پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بہترین معاشی اشاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیاجائے عوام کوعالمی اداروں کی معیشت پر رپورٹس کابھی بتایا جائے کوئی بڑا واقعہ رونمانہ ہواتومعیشت مزید بہتر ہوگی۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا پیسہ لوٹنے والے علاج کیلئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں،وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف جتنی مہم چلی، اتنی کسی کے خلاف نہیں دیکھی، سروے میں وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی نمبر ون آ گئی، سابق وزیرِ اعلی بوٹ اور ٹوپی پہن کر پھرتے تھے۔ ان خیالات کااظہار عمران خان نے اسلام آباد میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ اجراء کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منصوبہ سے اسلام آباد، پنجاب ، آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور تھرپارکر کے لوگ مستفید ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی نیشنل سکیورٹی تو عوام دیتی ہے، جب عوام فیصلہ کرتی ہے اور ملک کو اون کرتی ہے کہ یہ میرا ملک بھی ہے، تب وہ قوم تگڑی ہوتی اور ملک تگڑاہوتا ہے۔ ملک کے جتنے بھی سربراہ آئے وہ اسی چیز کا انتظار کرتے رہے کہ پاکستان میں پہلے خوشحالی آئے گی پھر ہم لوگوں کے لئے فلاحی ریاست کی طرف جائیں گے۔ ریاست مدینہ میں دو چیزیں کی گئیں ایک ریاست نے اپنے کمزور طبقہ کی ذمہ داری لی اور جو بھی پیسہ آتا تھا وہ پہلے نیچے چلا جاتا تھا اوردوسری چیز قانون کی حکمرانی قائم کی۔ ان دواصولوں پر مدینہ کی ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔ ہم نے دونوں کام ہی نہیں کئے، طاقتور کے لئے ایک قانون، کمزور کے لئے دوسرا اور دوسری چیز ہم نے فلاحی ریاست کی طرف کبھی کوشش ہی نہیں بلکہ امیر غریب میں فرق بڑھتا گیا۔ پنجاب کے لوگوں کے لئے یونیورسل ہیلتھ کوریج وہی دے سکتا تھا جس کے اندر انسانیت کااحساس ہے۔ جتنی مہم عثمان بزدار کے خلاف چلائی گئی اتنی میں نے کسی وزیر اعلیٰ کے خلاف نہیں دیکھی، لیکن سروے کا نتیجہ آیا تو سارے پاکستان میں نمبر ون وزیر اعلیٰ بن گئے۔ پچھلا وزیر اعلیٰ کبھی ٹوپیاں اور کبھی بوٹ پہن کر پھر رہا تھا ، لوگوں کے حالات دیکھیں، خودکھانسی ہوتی تھی تو باہر چیک اپ کرانے چلا جاتا تھا ، سارا خاندان باہر بیٹھا ہوتا تھا، کبھی ایک باہر علاج کروانے جارہا ہے ،کبھی دوسرا جارہا ہے، ا ن کو کیا پتا کہ لوگوںکے اوپر کیا گزرتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان احمد بزدار، ان کی صوبائی ہیلتھ ٹیم، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور وفاقی وزارت صحت کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ شاید آپ کو بھی پوری طرح نہیں پتا کہ یہ کتنا بڑا اقدام وفاقی اورصوبائی حکومتوں نے لیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں