عشرت العباداور ناصر شاہ کے درمیان رابطہ، بلدیاتی ایکٹ سے ترامیم واپس لینے کا مطالبہ
شیئر کریں
سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے بلدیاتی ایکٹ میں ہونے والی ترامیم اور اس کے خلاف جاری جماعتوں کے احتجاج پر تشویش کااظہارکیاہے۔سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں سندھ کی موجودہ صورتحال خصوصا بلدیاتی ایکٹ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔عشرت العباد خان نے کہا کہ بلدیاتی حکومت سے عباسی شہید، کے ایم ڈی سی سمیت دیگر اسپتالوں، تعلیمی اداروں کا اختیار لینا تشویشناک اقدام ہے۔ کسی بھی بلدیاتی حکومت میں اس کے ماتحت ادارے اس حکومت کا فخر ہوتے ہیں۔سابق گورنر نے کہاکہ سندھ حکومت اداروں کو اپنے ماتحت کرنے کے بجائے ان کے سدھار، فنڈز کی فراہمی اور بلدیاتی حکومت کو مضبوط کرے۔انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ سندھ حکومت میری تجاویز کو سامنے رکھ کر بلدیاتی اداروں کی واپسی اور ترامیم میں نظر ثانی اور مزید بہتری لانے کی کوشش کرے گی۔ اپیل ہے کہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے بھی مشاورت کرکے سب کو آن بورڈ لیا جائے۔اس موقع پر سیدناصر شاہ نے کہا کہ اپ کی تجاویز کو سامنے رکھا جائے گا جو بھی فیصلہ کریں گے سندھ اور بلدیاتی حکومت کی مضبوطی اور ترقی کے لیے کریں گے۔ اداروں کو چھیننا مقصد نہیں بلکہ انھیں فعال بنانا ہے۔