کوئسٹ نوابشاہ افسران کی نااہلی کے باعث دیوالیہ ہوگئی
شیئر کریں
قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی دیوالیہ ہوگئی، یونیورسٹی کے شدید مالی خسارے کے باعث ملازمین کو گزشتہ ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی، تنخواہ نہ ملنے کے باعث ملازمین پریشان ہوگئے۔ جرأ ت کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری کے شہر نوابشاہ میں قائم قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کوئسٹ) انتظامی افسران کی نااہلی کے باعث دیوالیہ ہوگئی ہے، یونیورسٹی میں پروفیشنل ڈائریکٹر فنانس تعینات نہ کرنے کے باعث یونیورسٹی کا خزانہ خالی ہوگیا ہے، یونیورسٹی میں مالی بحران کی وجہ سے اساتذہ اور ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہ تاخیرسے ادا کی جارہی ہے اور تنخواہ اقساط میں جاری ہو رہی ہے، یونیورسٹی میں 4 ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات مختلف شعبہ جات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، طلباء اور طالبات سے میرٹ فیس کی مد میں 40 ہزار روپے، جبکہ سیلف فنانس اسکیم کے تحت 3 لاکھ روپے سے لے کر 16 لاکھ روپے وصول کئے جاتے ہیں، کوئسٹ کے پاس فیس کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے جمع ہوتے ہیں، حکومت سندھ سے یونیورسٹی کو گرانٹ بھی جاری ہوتی ہے، لیکن یونیورسٹی 3 سو اساتذہ سمیت ایک ہزار ملازمین کو وقت پر تنخواہ ادا کرنے سے قاصر ہے،یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کو نومبر کی تنخواہ آدھی رواں کے دوسرے ہفتے میں جاری ہوئی، لیکن بقایا تنخواہ ابھی تک جاری نہیں ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ میں اثر رسوخ کے بعد اسسٹنٹ پروفیسر رمیز ٹالانی نے ڈائریکٹر فنانس کا اضافی چارج حاصل کیا، سابقہ ڈائریکٹر فنانس نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی اور ان کو مالی معاملات کا تجربہ نہیں تھا، تجربہ نہ ہونے اور اضافی چارج کے باعث وہ بھی یونیورسٹی کے مالی امور حل نہ کرسکے ، بعد میںرمیز ٹالانی کا تبادلہ کردیا گیا، اب وی سی ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے ڈائریکٹر فنانس کا چارج خود سنبھال لیا ہے، لیکن وہ بھی یونیورسٹی کے مالی بحران ختم کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں گزشتہ ماہ کی تنخواہ آدھی ملنے کے باعث اساتذہ اور ملازمین شدید مالی پریشانی کا شکار ہیں، تنخواہ کی عدم ادائیگی کے باعث یونیورسٹی میں لوئر اسٹاف کی حاضری میں واضح کمی ہورہی ہے اور وی سی سمیت انتظامیہ ملازمین کو کچھ بھی بتانے کو تیار نہیں کہ تنخواہ کب جاری ہوگی۔