سری لنکن منیجرکی لاش کی بیحرمتی کرنیوالامرکزی ملزم پکڑاگیا
شیئر کریں
سری لنکن مینیجر کی لاش کی بے حرمتی کرنے والا مرکزی ملزم امتیاز عرف بلی گرفتا۔ ملزم کو راولپنڈی جانے والی بس پر چھاپہ مار کے گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں مارے جانے والے سری لنکن مینیجرکے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے پولیس مسلسل سرگرم عمل ہے۔تازہ اطلاعات کے مطابق سری لنکن منیجر کی لاش کی بے حرمتی کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مرکزی ملزم امتیاز عرف بلی کو راولپنڈی جانے والی بس پر چھاپہ مار کے گرفتار کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کئی جگہوں پر چھاپے مارے گئے مگر ملزم ہر مرتبہ اپنا ٹھکانہ تبدیل کر لیتا تھا، اور بچ نکلتا تھا۔ملزم سری لنکن مینیجر کی لاش کی بے حرمتی کرنے پر مطلوب تھا جسے بالآخر گرفتار کر لیا گیا ہے،ادھرسیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس میں گرفتار 26 مرکزی ملزمان کا 15 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔پیر کو گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ملزمان کو پیش کیا گیا،جہاں تمام ملزمان کے نام پکارے گئے اور حاضری کی تصدیق کی گئی۔عدالت میں ایک ملزم شعیب عرف گونگا نام پکارنے پر خاموش رہا، اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ شعیب گونگا ہے بول نہیں سکتا۔حسنین نامی ملزم کو دیکھ کر فاضل جج نے کہا یہ تو کم عمر لگتا ہے، عدالت نے ملزم سے اْس کی عمر پوچھی جس پر اس نے 16 سال اپنی عمر بتائی۔سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کا ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں21 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔اس سے قبل گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سیالکوٹ پولیس نے گرفتار 26 مرکزی ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں پہنچایا گیا۔