کسٹم کی تحویل میں لی گئی چھالیہ ،بڑی مقدارمیں فروخت ہونے کا انکشاف
شیئر کریں
(رپورٹ : علی نواز) کسٹم کی جانب سے تحویل میں کی گئی چھالیہ کی بڑی مقدار فروخت ہونے کا انکشاف، رئیس ماما ٹرانسپورٹر نے چھالیہ خرید کر معین قریشی کو بیچی، معین قریشی کے گودام پر سی آئی اے پولیس نے چھاپہ مار کر چھالیہ برآمد کی، سی آئی اے کے برطرف اہلکاروں نے پکڑی چھالیہ کے 3 سو سے زائد کٹے فروخت کردیے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں کسٹم کی جانب سے پکڑی گئی چھالیہ مارکیٹ میں فروخت ہونے کا انکشاف ہواہے۔ ذرائع کے مطابق کسٹم نے کسٹم ہائوس کے قریب گودام سے چھالیہ سے لدی ایک ڈاٹسن اور دو سوزکی گاڑیاں پکڑی تھیں، ذرائع کے مطابق رئیس ماما نامی ٹرانسپورٹر نے کسٹم اہلکاروں سے ساز باز کرکے چھالیہ خرید کر معین قریشی نامی بیوپاری کو بیچ دی جسے معین قریشی نے اپنے گودام میں رکھا، سی آئی اے حیدرآباد کی پولیس نے مذکورہ گودام پر چھاپہ مار کر 6 سو سے زائد چھالیہ کے کٹے تحویل میں لیے اور پریس ریلیز میں 2 سو کٹے ظاہر کرکے دو افراد کی گرفتاری ظاہرکی، ذرائع کے مطابق 400 سے زائد کٹوں کو سی آئی اے سے منتھلی لینے کے الزام میں برطرف پولیس اہلکاروں شرجیل اور فضلو کے ذریعے مارکیٹ میں بیچا گیا، ذرائع کے مطابق پولیس نے 50 لاکھ سے زائد کا خام مال مارکیٹ میں بیچا جبکہ کسٹم اہلکاروں نے بھاری رقم کے عوض خام مال ماما رئیس ٹرانسپورٹر کے حوالے کیا، ذرائع کے مطابق پکڑے گئے مال کی مارکیٹ میں دوبارہ فروخت بھی پولیس چین کے ذریعے ہی ہوتی ہے۔