سیاسی و عسکری قیادت ، مذہبی رہنمائوں کا ڈاکٹرعبد القدیرکو خراج عقید ت
شیئر کریں
سیاسی و عسکری قیادت اور و مذہبی رہنمائوں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کو پاکستان کیلئے ان کی خدمات پر زبردست خراج عقید پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستانی عوام کیلئے ایک قومی آئیکون تھے،ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے مرحوم سائنسدان عبدالقدیر کی خدمات قابل تحسین ہیں ،مرحوم کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔ اتوار کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا تھااْنہوں نے قوم کو محفوظ بنانے کیلئے ایٹم بم بنانے میں مدد کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ایک احسان مند قوم اْنکی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر بہت افسردہ ہیں۔انہوںنے کہاکہ قوم ملک کو جوہری طاقت بنانے کے عمل میں ان کے کردار کی وجہ سے ان سے محبت کرتی تھی اور وہ پاکستانی عوام کے لیے ایک قومی آئیکون تھے۔عمران خان نے ڈاکٹر خان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں دفن کر نے کے بار ے میں بھی بتایا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدل قدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ قائم مقام صدرپاکستان محمد صادق سنجرانی نے محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قائم مقام صدرپاکستان نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے مرحوم سائنسدان عبدالقدیر کی خدمات قابل تحسین ہیں اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن عزیز کیلئے ڈاکٹر عبدالقدیر کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔ پوری قوم اْن کی وفات پر افسردہ ہے۔ قائم مقام صدر پاکستان نے دعا کی کہ ا للہ تبارک تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی ایٹمی سائنسدان عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر ڈپٹی قاسم خان سوری نے محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار افسوس کیا ہے ۔ اسد قیصر نے کہاکہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کا انتقال ملک اور قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے جس کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے قومی ہیرو کی وفات پر پوری قوم سوگوار ہے، ڈاکٹر عبد القدیر خان کو قوم ہمیشہ قومی ہیرو کے نام سے یاد رکھے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کی ملک کی خاطر دی جانے والی خدمات اور احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنانے میں ڈاکٹر عبد القدیر کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، قوم محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کے احسانات کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات ملک و قوم اور ان کے اہلخانہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، رنج و غم اور دکھ کی اس مشکل کھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پوری قوم سمیت سوگوار خاندان کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی ۔وزرائے اعلیٰ سردار عثمان بزدار ،مراد علی شاہ ، محمود خان ،جام کمال ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید ، گور نر گلگت بلتستان ، گور نر سندھ عمران اسماعیل ، گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور ، گور نر کے پی کے شاہ فرمان ، گور نر بلوچستان ظہور احمد آغا، وزیراعظم آزاد کشمیر سر دارعبد القیوم خان ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان ، وفاقی وزراء شیخ رشید احمد ،شا ہ محمود قریشی ، پرویز خٹک ، سید اعجاز شاہ ،شفقت محمود ، فواد چوہدری ، شوکت ترین ، اسد عمر ، شیریں مزاری، علی زیدی ، نسیم فروغ ، خالد مقبول صدیقی ، سید امین الحق صدیقی ،معاون خصوصی حافظ طاہر اشرفی ، شہباز گل ، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور ، وفاقی وزیر مراد سعید ،مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف ، مشیر ڈاکٹر شہزاد اکبر ، وفاقی وزیر شبلی فراز ، وزیر مملکت زرتاج گل ، وزیر مملکت فرخ حبیب ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ، سابق وزراء لیگی رہنما خرم دستگیر خان ، سابق وزیر چوہدر ی نثار علی خان ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال ، سابق وزیر مریم اور نگزیب ، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی ، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی روہنماامیر حیدر خان ہوتی ، سابق صدر آصف علی زر داری ، چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری ، سابق چیئر مین سینٹ رضا ربانی ، سابق وزیر داخلہ رحمن ملک ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق ،مذہبی رہنما علامہ ساجد نقوی ،سینئر وزیر آزاد کشمیر سر دار الیاس تنویر خان سمیت ملک کی سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقا ل پر تعزیت کااظہار کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک عظیم انسان اور محب وطن پاکستانی تھے، ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی اظہار تعزیت کیا اور کہاکہ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہاکہ ڈاکٹر قدیر خان قوم کے ہیرو تھے،انہوں نے پاکستان کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا،ان کی خدمات ملکی سلامتی کے لئے ناقابل فراموش ہیں،تمام قوم ان کی ممنون ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار کی وفات ایک قومی صدمہ ہے، حکومت قومی سوگ کا اعلان کرے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کے دفاع اور سلامتی کی ایک قابلِ فخر تاریخ اور جدوجہد کا نام تھا ،ان کی تمام زندگی پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں صرف ہوئی، پاکستان اور قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی زندگی پاکستان سے محبت کی کہانی ہے، اسلام اور پاکستان ہی ان کا مطمع نظر رہے ،ڈاکٹر عبد القدیر خان نے پاکستان اور اس کے مفادات کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، انہوں نے مادی مفادات کے بجائے پاکستان کے لئے کام کرنا پسند کیا ،اللہ تعالیٰ پاکستان کے لئے ان کی خدمات کو توشہ آخرت بنا دے،اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔