میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سیریزمنسوخی پرانگلش کرکٹ بورڈکے چیئرمین مستعفی

سیریزمنسوخی پرانگلش کرکٹ بورڈکے چیئرمین مستعفی

ویب ڈیسک
جمعه, ۸ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر دبا کے باعث ا نگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کے چیئرمین آئن واٹمور مستعفی ہوگئے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پر دبائو تھا جبکہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی ان کے فیصلے سے ناخوش تھے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان ملتوی کرنے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئن واٹمور کے عہدے کی مدت 5 سال تھی تاہم آئن واٹمور صرف 10ماہ عہدے پر فائز رہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخی کی وجہ سے وہ دبا کا شکار تھے ، وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد باہمی رضا مندی سے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ ملتوی کیے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی یکطرفہ طور پر دورہ ملتوی کردیا تھا جس کے بعد سابق انگلش کرکٹرز سمیت حکومت کی جانب سے بھی اس فیصلے پر سخت تنقید کی گئی تھی۔انگلینڈ کے اس فیصلے پر دنیا بھر کی کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے بھی تنقید کی اور خاص طور پر انگلینڈ کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ جب انگلینڈ میں کورونا کی بدترین صورتحال تھی تو پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا لیکن بدلے میں انگلینڈ نے ضرورت کے وقت پاکستان کی مدد نہیں کی۔دوسری جانب وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دورہ برطانیہ میں ہم منصب کے ساتھ ہونیوالی ملاقات میں کرکٹ ٹیم کے دورے کی یکطرفہ منسوخی کا معاملہ اٹھایاتھا، انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے استعفی کی خبر سے لگتا ہے کہ پاکستان کا نقطہ نظر رجسٹر ہوا ہے، انگلینڈ ٹیم کے دورہ کینسل ہونے پر دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین میں مایوسی تھی، انگلینڈ ٹیم کا دورہ بغیر مشاورت کینسل کرنے سے نقصان ہوا۔اپنے ایک بیان میںشاہ محمود قریشی نے کہاکہ سرکاری ٹی وی، عوام، پی سی بی سب کا نقصان ہوا جس پر معاملہ اٹھایا تھا، ملاقات کے دوران برطانوی وزیر خارجہ نے بتایا تھا یہ انکی حکومت نہیں کرکٹ بورڈکا فیصلہ تھا، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ہمارے تحفظات برطانوی کرکٹ بورڈ تک پہنچائیں گے۔وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے استعفی کی خبر سے لگتا ہے کہ پاکستان کا نقطہ نظر رجسٹر ہوا ہے، ہمارا مقصد سمجھانا تھا کہ ایسے فیصلے کرنے سے اثرات مرتب ہوتے ہیں، ایسے فیصلوں سے کھلاڑیوں ، شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انگلینڈ ٹیم کو اپنا شیڈول دیکھناچاہیے کہ وہ کب تشریف لاسکتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں