کراچی میں بارش،سڑکوں پرکئی فٹ پانی جمع ،نالے اُبل پڑے،بجلی غائب
شیئر کریں
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جمعرات کوکہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث برساتی نالے ابل پڑے، جگہ جگہ ٹریفک جام اور 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وسطی علاقوں میں بھی پہنچ گیا اور کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش کا سبب بنا۔ دوپہر کو دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر کالے بادل امڈ آئے جس کے بعد ابر رحمت برس اٹھی۔ بارش سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔کراچی کے علاقوں ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، لانڈھی، کورنگی، ناظم آباد سمیت دیگر میں معتدل سے تیز جبکہ سرجانی ٹائون، نیو کراچی، بفرزون اور نارتھ کراچی اور اطراف کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دوپہر 2 بجے تک شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹائون کے علاقے میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ پی اے ایف بیس فیصل پر 36، ناظم آباد میں 18، پرانے ایئرپورٹ کے علاقے میں 14.2، جناح ٹرمینل پر 10.2، سعدی ٹائون میں 7.2، قائد آباد پر 5.5 جبکہ گلشنِ معمار میں 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔تیز بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے مسافروں کو نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تیز بارش کے باعث ضلع وسطی کی متعدد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ،شاہراہ عثمان پر حیدری مارکیٹ ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹائون کا برساتی نالہ ابل پڑا۔فور کے چورنگی سے دومنٹ چورنگی تک سڑک کا زیر آب آ گئی، شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو کر رہ گئی۔بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور کے الیکٹرک کے250سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے، سرجانی ٹان، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، اورنگی ٹائون اور بلدیہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔اولڈ صدر ، لیاری ، کورنگی ، محمود آباد ،ملیر،شاہ فیصل کالونی اورسعود آباد کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق احتیاطی تدابیر کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی ہے،بارش کے پانی کی نکاسی مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی۔کے الیکٹرک نے برسات کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ بارش کے موسم میں سوئچز مثلا اسٹریٹ لائٹ سوئچ یا گھر کی گھنٹی میں پانی جانے کی وجہ سے کرنٹ لگنے کا خدشہ ہوتا ہے لہذا صارفین بارش کے موسم میں گیلے ہاتھوں سے یا ننگے پاں کے ساتھ کسی بھی قسم کے سوئچ یا برقی آلات کا استعمال نہ کریں۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے متوقع مون سون بارشوں کے حوالے سے جاری نئی ایڈوائزری کے مطابق مون سون سسٹم کے اثرات مشرقی سندھ میں داخل ہوگئے ہیں، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، نواب شاہ، جیکب آباد، شکارپور، دادو اور جامشورو میں بارشیں 25 ستمبر تک جاری رہ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہرکازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور نمی کا تناسب 78 فیصد رہا۔