اورنگی ٹائون میں دہشت گردی،اے ایس آئی فائرنگ سے شہید
شیئر کریں
کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں نامعلوم ملزم کی دونوں ہاتھوں سے فائرنگ سے اے ایس آئی اکرم شہید ہو گیا، ساتھی اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔پولیس حکام کے مطابق گلشنِ بہار کی مارکیٹ میں پولیس اہلکار اے ایس آئی اکرم خان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ساتھی اہلکار اے آیس آئی ظفر کیساتھ ہوٹل میں بیٹھا تھا۔، مقتول منگھوپیر انویسٹی گیشن پولیس میں تعینات تھا جسے سینے اور پیٹ پر گولیاں لگی تھیں جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی ہے ، جس کے مطابق شلوار قمیض پہنے ایک ملزم نے ہوٹل میں داخل ہو کر 2 پستولوں سے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولیاں لگنے سے اے ایس آئی اکرم زمین پر گر جاتا ہے، جبکہ ساتھی اے ایس آئی معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام اور رینجرز اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور تفتیش شروع کر دی۔مقتول اہلکار اور اس کا ساتھی اہلکار منگھو پیر تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھے، مقتول کا آبائی تعلق مانسہرہ سے ہے۔حملہ آوروں کی ویڈیو ایک رکشہ ڈرائیور نے بھی بنائی ہے جس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان ہوٹل کے باہر کھڑے ہیں، ایک ہوٹل میں داخل ہوتا ہے اور فائرنگ کر دیتا ہے اس کے بعد ملزمان فرار ہو جاتے ہیں۔