اپوزیشن متحدہو،حکومت کل ہی گرجائے گی ،بلاول بھٹوزرداری
شیئر کریں
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی وقت ہونے والے عام انتخابات کی تیاری کررہی ہے۔منگل کوکراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سنجیدہ ہے تو پہلے عثمان بزداراور پھرعمران خان کیخلاف تحریک عدم لائے۔مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یکساں اپوزیشن حکومت کو نقصان پہنچاسکتی ہے۔ جمہوری انداز سے سیاست کرنے سے حکومت کو نقصان پہنچاسکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ جب تک پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی موجود تھی، تب تک اپوزیشن مسلسل جیت رہی تھی۔ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی بات مان کر اپوزیشن کو جیت ملی۔سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کے کہنے پر اپوزیشن نے حصہ لیا تاہم پیپلزپارٹی کسی کے اشارے پر نہیں چلے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم کو ذاتیات سے نکل کر اصولوں پر مبنی سیاست کرنا ہوگی۔ اپوزیشن کو سوچنا چاہئے کہ حکومت کو نقصان پہنچانے کیلیے کون سنجیدہ ہے۔ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پیپلزپارٹی شرکت نہیں کرے گی۔ تاہم پی ڈی ایم کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ جو پیپلزپارٹی کی موجودگی میں نہیں ہوسکا وہ پیپلزپارٹی کے بغیر ہوگا۔ اس حکومت اور وزیراعظم کو ہر میدان میں چیلنج کریں گے۔انھوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کراچی میں کام ہورہا ہے تاہم وفاقی حکومت کراچی کیلئے کچھ کرنے کو تیارنہیں، عوام نے باقی دونوں جماعتوں کو بھگت لیا، وفاق نے1100ارب روپے کا اعلان کیا،لیکن ایک روپیہ نہیں دیا۔ حکومت نے صرف کراچی کی عوام کو نقصان پہنچایا ہے۔دہشت گردی کے واقعات پرچیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف حکومت کو نیشل ایکشن پلان پر عمل کرنا چاہئے۔ پورے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ افغانستان کی صورتحال کے بعد دہشت گردوں کا اگلا نشانہ پاکستان ہوگا۔ ہمارا وزیراعظم دہشت گردوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور جانیں دینے والے سیکورٹی اہلکاروں کو لاوارث چھوڑا گیا ہے۔ عمران خان کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی اور جب تک اس پر نظر ثانی نہیں ہوتی،دہشت گردی جاری رہے گی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی سے متعلق انھوں نے کہا کہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے وزیراعلی سندھ کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے گریڈ 19 کے افسر کی پوزیشن پر کابینہ کے رکن کو بٹھایا ہے۔ وزیراعلی سندھ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کوششیں کریں گے۔ عوام ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کو ووٹ کی طاقت سے جواب دیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ عرصے بعد واشنگٹن کا دورہ کروں گا اور امریکا کے حالیہ دورے میں واشنگٹن نہیں گیا تھا۔