نئے الیکشن زیادہ دورنہیں جیالے تیاری شروع کریں، بلاول بھٹو
شیئر کریں
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کے حالات کا اثر پاکستان پر پڑے گاجس کے اثرات کراچی میں بھی نظر آئیں گے، آنے والے حالات ملک کے بہت مشکل ہوسکتے ہیں ،دہشت گردی کا دور پھر دیکھنا پڑسکتا ہے،ملک کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے،اس کی سیاسی فتوحات شروع ہوچکی ہیں، کراچی سے ایم کیوایم کے دہشت گردوں کا راج ختم ہوگیا مگراب ایم کیوایم کی شکل میں پی ٹی آئی آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بعدپی ٹی آئی نے سندھ فتح کرنے کا خواب دیکھنا شروع کردیا ہے لیکن پیپلز پارٹی کے جیالے کراچی میں ان کا یہ خواب پورا نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے جیالوں سے کہا کہ نئے الیکشن اب دور نہیں ہیں وہ ابھی سے تیاری شروع کردیں ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کی شام وزیراعلی ہاو س، پی پی پی کراچی ڈویژن کے عہدیداران، ٹکٹ ہولڈر اور کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے بچے بچے کو پتہ چل گیا ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تباہی ہے،ملک اس وقت جس کربناک صورتحال سے دوچار ہے اس سے پیپلز پارٹی ہی ملک کو باہر نکال سکتی ہے اور پیپلزپارٹی کے پاس ہی مسائل کا حل ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ تحریک انصاف کا اصل چہرہ جان چکے ہیں اور انہوں نے طے کرلیا ہے کہ پی ٹی آئی کو بھگانا ہے۔انہوں نے پارٹی کے کارکنوں پر زوردیا کہ وہ اپنی آپس کے اختلافات کو فرماوش کردیں کیونکہ وقت کم ہے، بہت جلد وہ مرحلہ آنے والا ہے جب آپ کو سیاسی میدان میں اترنا ہوگا پیپلز پارٹی نے پہلے بھی بڑے بڑوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی وہ ایسا کرنے سے پیچھے نہیں رہے گی۔انہوں نے عندیہ دیا کہ کسی بھی وقت الیکشن ہوسکتے ہیں کارکنان تیاری کرلیں ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عمران خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے پہاڑوں پر بھی جدوجہد کررہے ہیں ،آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں کھلے عام دھاندلی کی گئی ۔ایک وفاقی وزیر پیسے بانٹ رہا تھا ۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خان صاحب نے وعدہ کیا تھاکہ کراچی میں ڈی سالیشن پلانٹ لگائیں گے لیکن اب تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا اور تحریک انصاف کی حکومت نے کراچی کو ایک قطرہ پانی نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی چوری کوروکنا ہے اور یہ کام جیالے کریں گے ۔