میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
الہ دین پارک میں تجاوزات کیخلاف آپریشن ،پولیس اورمظاہرین میں تصادم

الہ دین پارک میں تجاوزات کیخلاف آپریشن ،پولیس اورمظاہرین میں تصادم

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۶ جون ۲۰۲۱

شیئر کریں

سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الہ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپوں کے نتیجے میں راشد منہاس روڈ میدان جنگ بن گیا، لاٹھی چارج کے دوران متعدد مظاہرین زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا ۔سپریم کورٹ کے احکامات پر اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ الہ دین پارک شاپنگ سینٹر اور پویلین کلب مسمار کرنے پہنچا تو اس دوران پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے بھاری مشینری کے ذریعے پارک میں قائم ریسٹورینٹ مسمار کرنا شروع کیا تو الہ دین پارک کے باہر ملازمین اور دکانداروں نے آپریشن کے خلاف احتجاج شروع کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں۔مظاہرین کی جانب سے شدید احتجاج اور ہاتھا پائی کے نتیجے میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا جب کہ اس دوران متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔اینٹی انکروچمنٹ عملے نے دکانداروں کے احتجاج اور مزاحمت کے باعث کچھ دیر کے لیے آپریشن کو روک دیا تاہم پولیس کی بھاری نفری طلب کئے جانے کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ 25 سال سے دکانیں قائم ہیں اور بغیر نوٹس کے آپریشن کیا جارہا ہے، ہم اپنی جگہ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ہر حال میں مکمل کیا جائے گا، کارروائی کر کے آج (بدھ کو) سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائیں گے،پارک کی 52 ایکڑ زمین پر سے 10 سے 12 ایکڑ پر کلب اور شاپنگ مال قائم ہے، پارکوں میں کسی قسم کی کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں