تنخواہ داروں پر ٹیکس بڑھانے کی آئی ایم ایف تجویز ناقابل قبول قرار
شیئر کریں
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے تنخواہ داروں پر ٹیکس بڑھانے کی آئی ایم ایف کی تجویز کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تجویز پر مذاکرات ہورہے ہیں ، ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کرینگے ،مہنگائی کو کم کر نا اولین ترجیح ہے ،حکومت عام آدمی کیلئے مختلف اسکیمز لیکر آرہی ہے،امیر اورغریب کیلئے ایک جیسی گروتھ ہونی چاہیے،اگلے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں عروج پر ہیں، یہ ایک جامع بجٹ ہوگا، اگلے مالی سال کا وفاقی بجٹ جون کے اوائل میں ہی پیش کیا جائے گا،امید ہے جون تک ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکل جائیں گے،معاشی شرح نمو کی یہی رفتار جاری رہی تو آئندہ مالی سال 5فیصد اور مالی سال 2023 تک 6 فیصد پلس سے زیادہ کی اقتصادی شرح نمو کے حصول کی توقع ہے، قومی معیشت کے 12 مختلف اور اہم شعبوں کیلئے مختصر اور طویل مدتی حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ اتوار کو میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال21-2020 کے معاشی اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 3.94 فیصد بڑھی ہے لیکن اس کو متنازعہ بنانے کی ناکام کششیں کی گئیں جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں کیونکہ ادارہ برائے شماریات منصوبہ بندی کمیشن کے تحت کام کر رہا ہے اور یہ اعدادوشمار پلاننگ کمیشن کے ہیں وزارت خزانہ کے نہیں ہیں۔ زوم پر ملک کی معاشی صورتحال اور اس حوالہ سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ جب وزیر اعظم عمران خان نے حکومت سنبھالی تو کرنٹ اکانٹ خسارہ 20 ارب ڈالر سے زیادہ تھا اور ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر انتہائی کم تھے اس لئے مجبوری میں عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے پاس جانا پڑا تھا کیونکہ معاشی طور پر مشکل حالات تھے اور ملک میں کورونا وائرس کی وبا شروع ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ 2008 کے مقابلہ میں آئی ایم کی شرائط بھی سخت تھیں لیکن ملک میں معاشی استحام ضروری تھا اسلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چند ٹارگٹڈ اور اہم شعبوں میں کام کیا ہے جن میں زراعت، صنعت اور ہاسنگ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات نے ملک کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملک کی معاشی صورتحال اور اس حوالہ سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم قومی معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اووسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے خصوصی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کی جانے والی ترسیلات زر میں اضافہ کے سبب معیشت کو سہارا ملا ہے تاہم جب تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے محصولات نہیں بڑھیں گے تب تک مشکلات رہیں گی۔