تحریک لبیک پاکستان نے سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کے لیے پھر کمر کس لی
شیئر کریں
کراچی (رپورٹ: شعیب مختار) ایف آ ئی اے سائبر کرائم یونٹ کی جانب سے سی ٹی ڈی کراچی کی سفارشات پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ اور متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے جانے کے بعد ٹی ایل پی نے سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کے لیے ایک بار پھر کمر کس لی حکومتی جانب سے گرین سگنل ملنے پر آ ج سے ٹوئٹر پر ”آؤ مل کر دین تخت پر لائیں“ نامی مہم چلائی جائے گی کارکنوں کی رہائی کا عمل زور و شور سے جاری۔ با خبر ذرائع کے مطابق تحریک لبیک پاکستان ضلع غربی کراچی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر سرگرمیاں بڑھانے سے متعلق حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے جس کے تحت سربراہ ٹی ایل پی سعد رضوی کی بازبابی سمیت دیگر تنظیمی امور سے متعلق آ ج سے سوشل میڈیا پر مختلف مہم چلانے کو ترجیح دی جائے گی۔چند روز قبل سی ٹی ڈی کی جانب سے ایف آ ئی اے سائبر کرائم یونٹ کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں ریاست مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینے والے ٹی ایل پی کے 16 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی تھی بعد ازاں ایف آ ئی اے سائبر کرائم نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ٹی ایل پی کے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیے تھے جس کے بعد ٹی ایل پی کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق مہم جوئی غیر معینہ مدت تک روک دی گئی تھی تاہم گذشتہ روز ٹی ایل پی ضلع غربی کے عہدیداران نے ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر فعال ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اس سلسلے میں کارکنوں کی خصوصی ہدایات دے دی گئیں ہیں جس کے تحت آ ج سے سوشل میڈیا پر سیاسی گرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔