شہباز شریف کی درخواست لاہورہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
شیئر کریں
لاہورہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر عمل کروانے کیلئے شہبازشریف کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کردی، درخواست میں مئوقف اپنایا گیا کہ عدالت نے شہباز شریف کو علاج کیلئے بیرون جانے کی اجازت دی، لیکن ایئرپورٹ پر ایف آئی اے حکام شہباز شریف کو باہر جانے سے روکنے کیلئے عذر تلاش کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے صدر ن لیگ اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی عدالتی حکم پر عمل درآمد کروانے کی متفرق درخواست کل 18 مئی بروز منگل کو سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔شہباز شریف کی جانب سے عدالت میں دائردرخواست میں مئوقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو علاج کیلئے بیرون جانے کی اجازت دی، لیکن عدالتی احکامات کے باوجود ایف آئی اے حکام شہباز شریف کو باہر جانے سے روکنے کیلئے عذر تلاش کرتے رہے۔عدالت سے استدعا ہے کہ سات مئی کو جاری کئے گئے فیصلے پر عملدرآمد کے احکامات جاری کرے۔ اسی طرح عدالت میں شہبازشریف کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی،توہین عدالت کی درخواست میں وفاقی حکومت، ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔