شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنےکا فیصلہ آج ہوگا، شیخ رشید
شیئر کریں
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزیٹ کنڑول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ آج بدھ کوہو گا۔اپنے بیان میں انہوں نے بتایا ہے کہ شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب کی درخواست ملی ہے،اس معاملے پر بدھ کو وزارت داخلہ اور وزارت قانون کا اجلاس طلب کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں جو بھی فیصلہ ہوگا اسے فوری طور پر کابینہ میں بھیجا جائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ وزارت قانون اور وزارت داخلہ کے فیصلے کی کابینہ منظوری دیتی ہے، ہم کابینہ کی منظوری سے ای سی ایل میں نام ڈالتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ‘کیس کی قانونی حیثیت کے بارے میں مجھے معلومات نہیں ہیں لیکن نیب کی درخواست ملی ہے اس پر بدھ کو اجلاس بلائیں گے اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے یا کرنے کا فیصلہ کرکے کابینہ کو بھیجوا دیا جائے گا’۔اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔نیب نے شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔نیب لاہور کی جانب سے منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف اور دیگر تمام شریک ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا سفارش کی گئی تھی۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے سعودی عرب سے قیدیوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق گیارہ سو قیدیوں کو پاکستانی جیلوں میں شفٹ کریں گے ـشیخ رشید احمد نے کہاکہ منشیات میں ملوث بائیس اور اٹھ قتل میں ملوث قیدیوں کو واپس نہیں لایا جارہا ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم سے ایک ارب روپے فنڈ کی درخواست کی ہے انہوںنے کہاکہ اگر مل جائے تو معمولی جرائم میں دو ہزار پانچ سے قید سینکڑوں قیدیوں کو رہائی مل سکتی ہے انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ معاہدے کے تحت چھوٹے جرائم میں ملوث قیدیوں کو پاکستانی جیلوں میں شفٹ کرنا ہے ۔