پی پی حکومت نے بہترین دینی مدارس کو بھی مشکوک مدارس کی فہرست میں ڈال دیا!
شیئر کریں
٭ دارالعلوم کورنگی ، جامعہ فاروقیہ اور جامعہ بنوری ٹاﺅن جیسے باوقار اور معتبر دینی ادارے بھی مشکوک قرار دے دیے گئے
٭ حکومت سندھ اپنی فہرست پر نظر ثانی کے بجائے وفاقی حکومت پر دباو¿ ڈالنے میں مصروف ، دینی مدارس میں شدید غم وغصہ
حکومت سندھ کی جانب سے مشکوک قرار دیے گئے مدارس کی مکمل فہرست پہلی بار منظر عام پر
حکومت سندھ نے انتہائی عامیانہ انداز سے دینی مدارس کے وقار سے کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جرات کو دستیاب شواہد کے مطابق حکومت سندھ نے ایپیکس کمیٹی میں ہونے والے فیصلے کے تحت دینی مدارس کا سروے تو کرالیا ہے مگر یہ سروے انتہائی متنازع ثابت ہورہا ہے۔ حکومت سندھ یہ وضاحت نہیں کرپارہی کہ دینی مدارس کو مشکوک قرار دینے کے لیے اُس کے پاس کون سا پیمانہ تھا۔ حکومت سندھ نے کن عوامل کا جائزہ لیتے ہوئے 94 مدارس کو مشکوک قراردیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر حکومت سندھ نے جو فہرست مرتب کی ہے وہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں بھی ہر قسم کے شکوک سے بالا سمجھے گئے۔ ان دینی مدارس میں بعض ادارے عالمی سطح پر مقبول ہیں۔ دارالعلوم کورنگی ایک انتہائی باو قار ادارے کے طور پر عالمی سطح پر معروف ہے۔ اسی طرح جامعة العلوم اسلامیہ بنوری ٹاو¿ن بھی دینی حلقوں میں اپنی ساکھ کے اعتبار سے انتہائی معتبر ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ فہرست میں شامل جامعہ فاروقیہ اس لحاظ سے ایک منفرد ادارہ ہے کہ اس کے مہتمم مولانا سلیم اللہ خان ،جو گزشتہ دنوں انتقال فرما گئے، مدارس کے قومی نظم یعنی وفاق المدارس سے کے سربراہ تھے۔ اور وہ اُن علمائے کرام کی فہرست میں ممتاز مقام رکھتے تھے جو عمر بھر دینی مدارس کو تعلیمی اداروں کے علاوہ ہر قسم کی سرگرمیوں سے پاک رکھنے کے زبردست داعی رہے۔ اُنہوں نے نوگیارہ کے بعد امریکی دباو¿ میں دینی مدارس پر سختی کے پرویز مشرف کے دور میں اس کا مقابلہ انتہائی عالی حوصلگی سے کیا تھا۔ تب پرویز مشرف کے سخت گیر عہد میں ان مدارس کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تھا اور جنرل(ر) مشرف ایسے دین بیزار شخص بھی یہ کہنے پر مجبور ہو گئے تھے کہ غیر ریاستی سطح کا ایسا زبردست انتظام دنیا میں کہیں پر بھی نہیں پایا جاتا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب دینی مدارس عالمی سطح پر دہشت گردی کے مراکز کے طور پر ایک پروپیگنڈے کا شکار تھے۔ مگر اُس عرصے میں دینی مدارس کے خلاف ہونے والی تمام تحقیقات میں کچھ بھی ثابت نہیں ہو سکا تھا۔ اب ایک مرتبہ پھر دینی مدارس کو مشکوک قراردینے کی ایک مہم نے نئے سرے سے سر اُٹھایا ہے۔ جس میں حکومت سندھ پیش پیش ہے۔
حکومت سندھ کی پیش کردہ فہرست اس حوالے سے نہایت مضحکہ خیز ہے کہ اس فہرست کو وفاقی وزیر داخلہ نے دیکھتے ہی مسترد کردیا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سندھ حکومت کے پاس ایسے کون سے انوکھے ذرائع یا منفرد معلومات ہیں جو وفاقی حکو مت کے پا س نہیں۔ حکومت سندھ نے مشکوک مدارس کی فہرست کس طرح تیار کی ہے اُس کا انداز اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے بعض مدارس کے نام بھی درست معلوم کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی چہ جائیکہ وہ اُن مدارس کی سرگرمیوں کا کوئی ریکارڈ دیکھتے یا مشکوک سرگرمیوں کے کوئی ثبوت جمع کرتے۔
حکومت سندھ کو درست طور پر کسی بھی مدرسے کو مشکوک قرار دینے کے لیے کچھ حقائق بھی جمع کرنا چاہئے تھے مگر ایک مشکوک مدارس کی فہرست کو پیش کرکے حکومت سندھ اس پر بضد ہے کہ اِسے درست تسلیم کرلیا جائے۔ جرا¿ت کو باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت سندھ ان مدارس کو مشکوک قراردینے کے بعد اب اگلے مرحلے میں اس کے لیے کوشاں ہو چکی ہے کہ ان پر پابندی لگادی جائے۔ یہ بات سننے میں ہی بہت عجیب لگتی ہے کہ جن 94 مدارس کو مشکوک قرار دے کر اُس کی پابندی کا مطالبہ وفاقی حکومت سے کیا جارہا ہے اُس میں دارالعلوم کورنگی کراچی کے علاوہ جامعہ فاروقیہ اور جامعہ العلوم اسلامیہ بنوری ٹاو¿ن کے نام بھی شامل ہیں۔ اس ضمن میں سیکریٹری داخلہ سندھ شکیل احمد منگیجو نے ایک تحریری درخواست بھی وفاقی حکومت کو بھیجی ہے۔
یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستانی معاشرہ جو پہلے سے ہی تقسیم در تقسیم کا شکار ہے وہاں مزید طرح طرح کی تقسیم کے دائرے پید ا کیے جارہے ہیں۔ بدقسمی کی بات یہ بھی ہے کہ ایپکس کمیٹی میں جہاں مدارس کی یہ فہرست پیش کی گئی وہاں قانون نا فذ کرنے والے ادارے بھی اس کا درست جائزہ لینے میں ناکام رہے۔ حکومت سندھ یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ان مدارس کے کالعدم جماعتوں سے رابطوں کی تصدیق حساس ادارے ، پولیس اور رینجرز نے کی ہے۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ ان رابطوں کی تصدیق تو حکومت سندھ کے پاس ہے مگر ان رابطوں پر اب تک کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کا کوئی نام ونشان تک موجود نہیں۔ پھر رابطوں کی تصدیق کی تصدیق کا بھی کوئی نظام موجود نہیں۔جرات کو ملنے والی معلومات کے مطابق اس پورے عمل پر دینی مدارس میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور دینی مدارس کے رہنما اس پر اپنا لائحہ عمل تیار کرنے میں مصروف ہیں۔