یوم پاکستان پریڈ میں جنگی طیاروں کی گھن گرج
شیئر کریں
یوم پاکستان کے سلسلے میں مسلح افواج کی پریڈ میں لڑاکا طیاروں نے فضاء میں کرتب دکھاکر ناظرین پر سحر طاری کردیا،شیردل ٹیم نے خوبصورت فارمیشنز سے آسمان پر رنگ بکھیر دیئے، تینوں مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا ،دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی،پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے برادر ملک ترکی سے آئے سولو ایروبیٹکس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ سولو ترک نے اپنی جنگی مہارت کے جوہر دکھائے، کنگ آف بیٹل آرمڈ کور میں شامل ٹینکوں، توپ خانوں، ریڈار کنٹرول اور ایئر ڈیفنس کے دستوں کا شاندار دبدبہ بھی دیکھنے میں آیا، جدید میزائل ٹیکنالوجی بابر کروز، نصر، غزنوی اور شاہین میزائلوں نے دشمن کے دل دہلادئیے،ڈرون طیارے شاہپر ٹو اور مسلسل کئی گھنٹے پرواز کی صلاحیت رکھنے والے البراق کی نمائش کی گئی، ایس ایس جی کے کمانڈوز نے اللہ ہو کے نعرے لگاتے ہوئے ناظرین کے دل جیت لئے ۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر شیڈول پریڈ موسم کی خرابی کے باعث 23مارچ کی بجائے 25مارچ جمعرات کو منعقد ہوئی ۔آرمی اسکول آف میوزک کے بینڈ نے ملی نعموں کی دھنیں پیش کرکے یوم پاکستان پریڈ کی تقریب کا آغاز کیا جبکہ شکر پڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں قومی علم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی اور 105 فیلڈ ریجمنٹ نے قومی علم کو سلامی دی گئی۔تقریب میں بری فوج کے سربراہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امیتاز (ملٹری)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی ہلال امیتاز (ملٹری)، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ہلال امتیاز (ملٹری) شریک ہوئے تھے۔بعد ازاں روایتی بگل بجا کر یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کا اعلان کیا گیا جو خصوصی لال بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔پریڈ نے مہمان خصوصی صدر مملکت کو صدر سلامی پیش کی اور قومی ترانا سنایا گیا ۔قومی ترانے کے بعد قرآنی آیات کی تلاوت کے ساتھ تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔مسلح افواج کی مشترکہ یوم پاکستان پریڈ کے پریڈ کمانڈر نے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر علوی سے پریڈ کے معائنے کی درخواست کی۔پریڈ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں شاندار فلائی پاسٹ پیش کیا گیا۔شیردل ٹیم نے خوبصورت فارمیشنز سے آسمان پر رنگ بکھیر دیئے، تینوں مسلح افواج کے دستوں اورجوانوں نے دفاعی اور فوجی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔تقریب میں تمام صوبوں کی جھلک نمایاں اور پریڈ کی تھیم ’ایک قوم اور ایک منزل‘ مختلف رنگوں میں نظر آیا۔آرمرڈ کورمیں شامل ٹینکوں، توپ خانوں پر مشتمل دستوں نے بھی سلامی دی۔پریڈ میں ترک فوجی بینڈ، بحرین، فلسطین، عراق، سری لنکا اور ترکی کے پیراٹروپرز نے خصوصی شرکت کی، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ عیسیٰ بن خلیفہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔کمانڈر یو کیاسٹریٹجک کمانڈ سرپیٹرک سینڈرز نے بھی پریڈ کا معائنہ کیا، چیف آف ڈیفنس اینڈ کمانڈر سری لنکن آرمی نے بھی پریڈ کا معائنہ کیا۔تقریب کے دور ان ہنگو کے اعتزاز حسن کی طرح دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جان کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب میں مقبوضہ کشمیرکی کم سن پیلٹ گن متاثرین حبا نثار اور آصفہ بانو کو خراج تحسین پیش کیا گیا، نواب سراج رئیسانی، ہارون بلور اور شجاع خانزادہ کو ہمت وعزم کی علامت کیطور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔پریڈ کا اہم حصہ پرائیڈ آف پاکستان انکلوژر تھا، انکلوژر میں ایسے افراد شامل تھے جنہوں نے اپنے شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مختلف فلوٹس پر پاکستان کے تشخص کی احسن انداز میں عکاسی کی گئی۔ پریڈ میں ڈھول پارٹی نے مختلف دھنوں سے تمام علاقوں کی نمائندگی کی،خواتین ڈھولچی ڈھول پارٹی کا اہم حصہ تھیں۔پریڈ گراؤنڈ کے اندر جانے اور وہاں سے باہر جانے پر پابندی رہی، پریڈ دیکھنے والے تمام افراد کو فیس ماسک فراہم کیے گئے، درجہ حرارت کی جانچ کیلئے ٹمپریچر گنز استعمال کی گئیں، داخلی دروازوں پر ہینڈ سینیائٹرز فراہم کیے گئے، سماجی دوری کویقینی بنایا گیا، پریڈ کے مختلف سیگمنٹس کو ظاہر کرنے کے لیے ڈیجیٹل اسکرینیں لگائی گئیں۔