مقبوضہ کشمیر ،قابض بھارتی انتظامیہ نے انٹرنیت سروس معطل کر دی
شیئر کریں
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے وادی کشمیر کے کئی اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے اسلام آباد، کولگام ، شوپیاں ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں ٹو جی انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔ بھارتی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں منانے جانے والے ”یوم یکجہتی کشمیر ” کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے ۔یاد رہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں گاندر بل اور ادھمپور کے دو اضلاع کو چھوڑ کر پورے علاقے میں تیز رفتار تھری اور فور جی انٹرنیٹ سروس 5اگست 2019سے معطل ہے جب نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔ دریں اثنا ضلع بانڈی پوری کے علاقے سمبل میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کیے ۔