نیا آباد میں دم گھٹنے سے تین بہن بھائی ہلاک ہوگئے
شیئر کریں
کچرے میں لگنے والی آگ سے فلیٹ میں دھواں بھرگیا،فائر بریگیڈ آدھا گھنٹہ تاخیر سے پہنچی تھی
کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت کے کچرے میں لگی آگ کے باعث گھر میں دھواں بھر جانے سے 3کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے جب کہ ماں باپ کی حالت تشویشناک ہے۔ لیاری کے علاقے نیا آباد میں 4منزلہ عمارت کے اندر پیر اور منگل کی درمیانی رات کچرے میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مکان کو لپیٹ میں لے لیا، آگ اتنی شدید تھی کی گھرمیں دھواں بھر گیا جس کے باعث میاں بیوی اور ان کے 3بچے بیہوش ہوگئے جنھیں فوری طورپر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم تینوں بچے جن میں 5سالہ علیہان، 4سالہ عبدالعزیز اور 2سالہ آمنہ جاں بحق ہوگئے جب کہ بچوں کے والد عمیر اور ان کی اہلیہ شمیم تشویش ناک حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ علاقہ مکین کے مطابق فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچی جب کہ ریسکیو ورکرز کے پاس سیڑھیاں بھی نہیں تھیں، دوسری جانب فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع پر فائر ٹینڈر بروقت روانہ کردیا گیا تھا تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ اہلیان علاقہ کے مطابق اولڈ ستی ایریا اور لیاری میں ہمیشہ جب بھی کوئی اسانحہ رونما ہوتا ہے تو ریسکیو اداروں کا عمل ہمیشہ جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچتا ہے کو ئی بلڈنگ گرنے کا معاملہ ہو یا کسی جگہ آگ لگی ہو ریسکیو ادارے یا فائر بریگیڈ ہمیشہ دیر سے آتی ہے اور اس دیر کی وجہ سے مالی نقصان تو ہوتا ہی ہے مگر کئی قیمتی انسانی جانیں جو بچائی جاسکتی ہیں وہ بھی ضائع ہوجاتی ہیں۔بدھ کے روز ہلاک ہونے والے تینوں کم سن بہن بھائیوں کی نماز جنازہ نیا آباد میں ادا کردی گئی جس میں ہلاک ہونے والے بچوں کے عزیز واقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک تھی ،ایک ہی گھر کے تین کم سن بچوں کے جنازے اٹھنے پر ہر آنکھ اشک بار نظرآئی اور علاقے مین سوگ کی سی کیفیت طاری تھی۔