افغان صوبے بغلان اور نیمروز میں طالبان کا حملہ 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک
شیئر کریں
طالبان کی جانب سے صوبہ نیمروز اور بغلان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے نتیجے میں 8 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبہ نیمروز کے ضلع خشروڈ میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔صوبائی پولیس چیف کرنل عبدالوہاب کے مطابق گزشتہ شب درجن بھر افغان طالبان نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی تاہم حملہ اتنا اچانک تھا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا تاہم جوابی حملے میں طالبان کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متعدد شدت پسند زخمی ہوئے ۔دوسری جانب افغانستان کے صوبہ بغلان میں پولیس چوکی پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں کچھ شدت پسند بھی زخمی ہوئے ۔