پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئیگا،عمران خان
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کو پرامن احتجاج کی اجازت ہے لیکن قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترجمانوں اورپارٹی رہنماں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت نے براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا اور وزیراعظم نے اس معاملے پر وزرا کی کمیٹی قائم کردی ۔ذرائع کے مطابق کمیٹی 2002 سے 2018تک براڈشیٹ کے ساتھ معاہدے کا جائزہ لے گی اور کس نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، اس کی تحقیقات ہوں گی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے براڈشیٹ سے فائدے کو این آر او سے تشبیہ قرار دیا۔اجلاس میں الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے احتجاج کے معاملے پربھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم کو پر امن احتجاج کی اجازت ہے ، قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مذہبی جماعت کے دھرنے اور احتجاج کے معاملے پر علما سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ اس معاملے پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے ، اس معاملے پر علما کو اعتماد میں لیں گے ۔