کراچی کی دوسری اسٹریٹ لائبریری تباہ حالی کا شکار
شیئر کریں
کراچی (رپورٹ : شعیب مختار ) کراچی کی دوسری اسٹریٹ لائبریری پانچ ماہ بھی قائم نہ رہ سکی کمشنر کراچی کے رخصت ہوتے ہی لائبریری کی تمام تر کتابیں پر اسرار طور پر غائب ہو گئیں لیاری میں موجود لائبریری کی اچانک بندش نے علاقے کے نوجوانوں کو ایک مرتبہ پھر تعلیم سے دور کر دیا بدلتا لیاری ایک بار پھر ماضی کی طرف لوٹنے لگا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں بلوچ چوک پرسابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی ہدایت پر 5 جولائی کو اسٹریٹ لائبریری کے قیام کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی تھی جبکہ ڈی ایم سی ساؤتھ کے تعاون سے قائم کی گئی لائبریری کا14اگست کو باقاعدہ طور پر افتتاح کیا گیا تھا ۔ شہر قائد کی دوسری اسٹریٹ لائبریری میں ادب ،شاعری اور معلومات عامہ پر مبنی لا تعداد کتابیں رکھی گئیں تھیں جو چند روز قبل پر اسرار طور پر غائب ہو چکی ہیں لائبریری میں کتابوں کے شیلف حالیہ دنوں ٹوٹ پھوٹ کا شکار دکھائی دے رہے ہیں جنہیں محفوظ بنانے سے متعلق انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کے اقدامات تاحال اب تک نہیں کیے جا سکے ہیں واضح رہے شہر قائد میں دو اسٹریٹ لائبریریاں قائم کی گئیں ہیں جبکہ شہریوں میں مطالعے کے فروغ کے لیے سابق کمشنر کراچی کی جانب سے مزید لائبریریوں کے قیام کو حتمی شکل دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ان کے رخصت ہوتے ہی شہر بھر میں کتاب دوست منصوبے زمین بوس ہوتے دکھائی دیتے ہیں ۔