بینظیر بھٹو کا قتل کس نے کروایا اولاد کو سب پتا ہے ،حسین ہارون
شیئر کریں
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب اور وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ بینظیر کی اولاد کو قتل کے بارے میں سب پتہ ہے اور یہ ان کو بتانا چاہیے کہ کون ملوث ہے ،اور قتل کس نے کروایا، لیکن ایک وقت آئے گا کہ میں بتائوں گا، پاکستان سے تنخواہ لینے والوں کو بعد میں بیرون ملک میں عہدے نہیں ملنے چاہیے ، ان کو وطن واپس بلائیں، ان کو ریٹائرمنٹ پر اربوں روپے ملتے ہیں۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں سابق وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون کا کہناتھا کہ بڑے سیاسی لیڈروں نے ایک وقت پر اپنی سیاسی سرگرمیاں کم کردیں میں نے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ معاشرے میں وہ تبدیلیاں آ رہی ہیں ان کے ساتھ چلنا مشکل ہے ، میں کسی بھی سرکاری کام کے حکومت سے پیسے نہیں لیتا اس لئے ملک کے فائدے کے لئے کام کرتا ہوں، میں نے ملک کے لئے کئی مشورے دیے لیکن محسوس ہوا کہ انہوں نے سننا بند کردیا ہے ۔اقوام متحدہ میں بانکی مون سے بینظیر قتل کیس کے بارے میں ذکر ہوا تو انہوں نے کہا کہ آپ اس بارے میں جاننا چاہتے ہیں لیکن حکومت کی اس میں کوئی سنجیدگی نہیں،حکومت سندھ نے اس وقت کہا کہ اقوام متحدہ کی ٹیم کو تحفظ نہیں دے سکتی میں نے خود ان کو سیکیورٹی فراہم کی، اقوام متحدہ کو کہا گیا کہ آپ ہمیں بتائیں کہ ہم قتل کیس کی تحقیقات کیسے کریں، جب پاکستان کی حکومت نے رپورٹ کو تسلیم نہ کیا تو بانکی مون نے تصدیق کی کہ رپورٹ صحیح ہے ، بینظیر کی اولاد کو قتل کے بارے میں سب پتہ ہے اور یہ ان کو بتانا چاہیے کہ کون ملوث ہے ،اور قتل کس نے کروایا،بینظیر کی اولاد سیاست میں سرگرم ہے اس لئے بہتر ہے کہ وہ خود بتائیں، لیکن ایک وقت آئے گا کہ میں بتائوں گا۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی لیگیسی بینظیر بھٹوکے ساتھ دفن ہوگئی، بھٹو کی پالیسیاں کہاں ہیں؟۔ پاکستان کو معلوم ہوئے بغیر ایبٹ آباد آپریشن ممکن نہیں تھا، امریکا کہتا رہا ہے کہ ہم نے آپریشن کے لئے بہت تیاری کی تھی تو ایک ہیلی کاپٹر ایبٹ آباد میں رہ گیا تو تیاری کتنی تھی ؟خلیج کے ایک ملک نے امریکا کی مدد کی،پاکستان کی مدد کے بغیرامریکا ایبٹ آباد آپریشن نہیں کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تنخواہ لینے والوں کو بعد میں بیرون ملک میں عہدے نہیں ملنے چاہیے ، ان کو وطن واپس بلائیں، ان کو ریٹائرمنٹ پر اربوں روپے ملتے ہیں، امریکا 5 سال پہلے ایٹمی ہتھیار وں پر چیخ رہا تھا لیکن آج خاموش ہے ، جو کچھ ان کو حاصل کرنا تھا وہ کیا،امریکا نے جب پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں پر دھمکی دی تھی تو خلیج کے ایک ملک نے ان کو رکھنے کی پیشکش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے جزائر کے قریب مچھلی پکڑنے کی سہولت ہوتی ہے لیکن جزائر کے پلاٹ الاٹ کردیئے گئے ہیں، کراچی سب کا ہے لیکن کراچی بنیادی طور پر ماہی گیروں کا ہے بعد میں کراچی اس کو ترقی دینے والوں کا ہے ، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے خود جزائر کی وفاقی حکومت کو اجازت دی ہے ، لیڈران نے اتنی کمائی کی ہے اور لیڈران کمائی بچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک چائنا کی مرضی سے آیا ہے ، پی پی، نواز لیگ اور عمران خان کی حکومتوں نے سی پیک پر کام نہیں کیا،تمام صنعت اور کام پاکستان کو کرنا چاہیے ، پاکستان کے پاس امریکا یا چائنا کا نہیں صرف ویسٹ بلاک ہے ، عرب ممالک بار بار پاکستان کو تھپڑ مار رہے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرو۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دھرنوں سے بڑی پریشانی ہے ، فی الحال عمران خان کی حکومت چل رہی ہے ، میرا خیال یہ ہے کہ اندرا گاندھی جب سنجے کو آگے کررہی تھی ، تو جو بھی اندرا گاندھی کے پاس جاتا تھا تو ان کو کہتا سنجے سے بات کرلو۔