میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نیشنل اسٹیڈیم، سینٹرل جیل کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے، آفاق احمد

نیشنل اسٹیڈیم، سینٹرل جیل کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے، آفاق احمد

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۸ نومبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ سینٹرل جیل اورنیشنل اسٹیڈیم کی شہر کے قلب میں موجودگی کسی بھی لحاظ سے مناسب نہیں ، جیل میں سرنگ بنانے کی ناکام کوشش کے بعدموبائل جامرز کی تنصیب کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے اسکے علاوہ قومی و بین الاقوامی میچوں کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں بند کرنے سے ناصرف عوام اذیت کا شکار ہوتے ہیں بلکہ چند فرلانگ پر موجود دو بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا بروقت پہنچنا ناممکن ہوجاتا ہے اس لئے بہتر یہی ہے کہ ناصرف سینٹرل جیل اور نیشنل اسٹیڈیم بلکہ ایکسپو سینٹر اور سندھ سیکریٹریٹ کو بھی شہر سے باہر منتقل کردیا جائے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ دنیا بھر میں کھیلوں کے بڑے میدان،جیلیں اور انتظامی دفاتر آباد ی سے دور بنائے جاتے ہیں لیکن ہمارے یہاں اس جانب توجہ نہیں دی جاتی ،ہائوس اینڈ ٹائون پلاننگ والوں کو شاید علم ہی نہیں کہ ماضی میں شہر سے باہرموجودجیل شہر کے بیچوں بیچ آنے کی وجہ سے سیکیورٹی رسک بن چکی ہے اور نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف ماضی کی نسبت آبادی میں بے انتہا اضافہ ہوچکا ہے جس کے بعد ان دونوں کا شہر سے باہر منتقل کیا جانا ضروری ہے۔ آفاق احمد نے کہا حسن اسکوائر پر موجود ایکسپو سینٹر بھی کم و بیش اسی قسم کے مسائل کا سبب بن رہا ہے اسکے علاوہ سندھ سیکریٹریٹ کی گنجان آباد علاقے میں موجودگی نامناسب ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ اسٹیڈیم اور ایکسپو سینٹر سے مالی فائدہ ضرور پہنچتا ہے لیکن یہ فائدہ عوام کی جان و مال اور پریشانیوں کی قیمت پر حاصل کرنا مناسب نہیں ، وفاقی و صوبائی حکومت اگر سنجیدہ ہوتی تو یہ تمام مراکز بہت پہلے شہر سے باہر مناسب جگہ منتقل کئے جاسکتے تھے لیکن کراچی کو نظر انداز کئے جانے کی روش نے ناصرف شہر کا حلیہ بگاڑ دیا بلکہ عوام کو بھی شدید ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے اطراف اب بھی کافی خالی جگہ موجود ہے ، حکومت سینٹرل جیل، نیشنل اسٹیڈیم ، ایکسپو سینٹر اور سندھ سیکریٹیریٹ کو فوری طور پر باہر منتقل کرے، اگر اس جانب توجہ نہ دی گئی تو آنے والے برسوں میں صورتحال مزید خراب ہوجائے گی ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں