میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

منتظم
جمعرات, ۲۹ دسمبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

مفتی غلام مصطفی رفیق
غیرمسلم سے تعزیت کاطریقہ
سوال:ہم جہاں کام کرتے ہیں ،وہاں مختلف مذاہب کے لوگ ہیں،ان لوگوں میں سے کبھی کسی کے والدیاکسی اوررشتہ دار کاانتقال ہوتاہے ،تواس صورت میں کیاہم ان غیرمسلموں سے تعزیت کرسکتے ہیں؟اگرکرسکتے ہیں تو کیاکہاجائے؟
جواب:غیرمسلم سے ان کے کسی فردکے دنیاسے چلے جانے پراظہارِ افسوس کرنادرست ہے،اظہارِ افسوس کرتے وقت مغفرت کی دعاکی بجائے پسماندگان کوکسی دوسرے الفاظ سے تسلی دی جائے،مثلاًیہ کہاجائے کہ اللہ تمہارے حالات کوبہترکرے اوربدل عطافرمائے وغیرہ۔(فتاویٰ ہندیہ،کتاب الکراھیة ،5/348، ط:رشیدیہ- البحرالرائق، 8/232، ط:دارالمعرفہ بیروت-فتاویٰ شامی،کتاب الحظر والاباحة،6/388،ط:ایچ ایم سعید)
کاروبار کے لئے غیرمسلم سے تعویذلینا
سوال:کیاہم اپنے کاروبارشروع کرنے کے لئے غیرمسلم جیسے ہندو،عیسائی ،یہودی سے تعویذلے سکتے ہیں؟
جواب:کاروبارشروع کرنے سے قبل خوداستخارہ کرکے کاروبارشروع کردیں،اللہ تعالیٰ سے خیروعافیت اوربہتری کی دعا مانگیں۔ غیرمسلم خودایمان کی دولت سے محروم اوربرکت سے دور ہیں ،ان کے تعویذسے آپ کے کاروبار میں کیسے برکت پیداہوگی؟
دونوں ہاتھوں سے مصافحہ مسنون ہے
سوال:میرے بیٹے نے ایک شخص سے دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کیا،اس شخص نے بچے سے کہاکہ دونوں ہاتھوں سے مصافحہ نہیں کرناچاہیے بلکہ ایک ہاتھ سے مصافحہ کرناچاہیے،دونوں ہاتھوں سے مصافحہ اسے کریں جس کی بہت زیادہ تعظیم مقصودہو،پوچھنایہ ہے کہ مصافحہ ایک ہاتھ سے کریں یادونوں ہاتھوں سے؟
جواب:ملاقات کے وقت جذبہ¿ اکرام واحترام کے اظہارکاایک ذریعہ مصافحہ بھی ہے،چنانچہ ترمذی شریف کی روایت میں حضرت عبداللہ بن مسعودرضی اللہ عنہ ارشادفرماتے ہیں کہ:”آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ”سلام کاتکملہ¿ مصافحہ ہے“۔مصافحہ دونوں ہاتھوں سے کرناچاہیے ،یہی مسنون طریقہ ہے، البتہ اگر کوئی عذر درپیش ہوتوپھرایک ہاتھ سے بھی مصافحہ کیاجاسکتاہے۔مولانایوسف لدھیانوی شہیدؒ لکھتے ہیں:”صحیح بخاری میں حضرت عبداللہ ابن مسعودرضی اللہ عنہ کا ارشاد ہے: مجھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے التحیات سکھائی اوراس طرح سکھائی کہ میراہاتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دونوں ہاتھوں کے درمیان تھا۔ امام بخاریؒ نے یہ حدیث ”باب المصافحة“کے تحت ذکرفرمائی ہے،اوراس کے متصل ”باب الاخذبالیدین“کاعنوان قائم کرکے اس حدیث کو مکرر ذکر فرمایاہے،جس سے ثابت ہواکہ دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کرناسنت نبوی ہے۔علاوہ ازیں مصافحہ کی روح ،جیساکہ شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ نے ذ کر فرمایا ہے: ”اپنے مسلمان بھائی سے بشاشت سے پیش آنا،باہمی الفت ومحبت کا اظہار ہے“۔ اورفطرت سلیمہ سے رجوع کیاجائے تو صاف محسوس ہوگاکہ دونوں ہاتھ سے مصافحہ کرنے میں اپنے مسلمان بھائی کے سامنے تواضع وانکسار،الفت ومحبت اوربشاشت کی جو کیفیت پائی جاتی ہے وہ ایک ہاتھ سے مصافحہ کرنے میں نہیں پائی جاتی“۔ (فتاویٰ شامی،کتاب الحظر والاباحة،6/381،ط:ایچ ایم سعید-صحیح البخاری،کتاب الاستیذان،باب الا¿خذ بالیدین، 2/926، ط:قدیمی -معارف الحدیث ،6/744،ط:دارالاشاعت کراچی-معارف نبوی،جلد سوم، ص: 214، ط: مکتبہ لدھیانوی کراچی)
کرایہ کی مد میں ملنے والی رقم پر زکوة
سوال:میراپاکستان میں ایک گھر ہے، مجھے اب اس میں رہائش کی ضرروت نہیں رہی، میں نے اسے کرایہ پردے دیاہے،کیااس کرایہ پرزکوة ہے؟
جواب:جی ہاں!کرایہ کی رقم محفوظ ہو اورزکوة کے نصاب کے برابر یااس سے زیادہ ہوتوسال پوراہونے پرزکوة اداکرنالازم ہوگی۔اسی طرح اگرکرایہ کی مدمیں ملنے والی رقم زکوة کے نصاب سے کم ہولیکن آدمی کی ملکیت میں موجوددیگرمالیت کے ساتھ مل کرنصاب کوپہنچ جائے تواس صورت میں بھی زکوة لازم ہوگی۔
چارپائی پر نمازپڑھنے کاحکم
سوال:کیاچارپائی اورپلنگ پرنمازپڑھ سکتے ہیں یانہیں؟
جواب:اگرچارپائی پاک ہواورخوب کَسی ہوئی ہو تواس پر نمازپڑھنادرست ہے۔ (امداد الاحکام،1/562،ط:مکتبہ دارالعلوم کراچی- فتاویٰ دارالعلوم دیوبند،کتاب الصلوة، 1/105، ط:دارالاشاعت کراچی)
تیمم کاطریقہ
سوال:تیمم کاطریقہ بتادیں اورکن کن چیزوں سے تیمم ہوسکتاہے یہ بھی بتادیں۔
جواب:پاک ہونے کی نیت کرکے دونوں ہاتھوں کوپاک مٹی پرمارکران کوجھاڑلیں پھرمنہ پرمل لیں اس طورپرکہ ایک بال برابرجگہ بھی خالی نہ رہے،پھردوبارہ مٹی پرہاتھ مارکردونوں ہاتھوں پر کہنیوں تک مل لیں۔مٹی یامٹی کی جنس سے جوچیزبھی ہواس سے تیمم کرسکتے ہیں،نیزجواشیاءمٹی کی قسم سے نہ ہوں لیکن ان پرغبارہوتوبوجہ اس غبارکے تیمم جائزہے،مثلاًکسی لکڑی وغیرہ پر غبارلگی ہوتواس سے تیمم کرسکتے ہیں۔(ہدایہ،باب التیمم،1/50،ط:قدیمی)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں