اپوزیشن کے کھیل سے حکومت نہیں، نظام رخصت ہو جائے گا ،شاہ محمود قریشی
شیئر کریں
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آپ اپنے مقاصد کیلئے قومی اداروں اور کو جمہوریت نقصان نہ پہنچائے، یہ جو کھیل کھیل رہی ہے اس سے نظام تو رخصت ہوسکتا ہے مگر ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے دعوؤں کا شیرازہ بکھرگیا،عوام نے پی ڈی ایم جلسے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، لوگ سمجھتے ہیں پی ڈی ایم اتحاد غیر فطری ہے، سڑکوں پر آکر اور جلسوں سے حکومت کو رخصت کرنا ماضی کی روایت ہے،عوام اپوزیشن کی سازش پوری نہیں ہونے دیں گے، آپ اپنے مقاصد کیلئے نہ قومی اداروں کو نقصان پہنچائیں نہ جمہوریت کو، آپ جو کھیل کھیل رہے ہیں اس سے نظام کو تو رخصت کرسکتے ہیں، حکومت کو نہیں مگر آپ کے ہاتھ میں بھی کچھ نہیں آئے گا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ قوتوں کو سی پیک چبھتا ہے تاہم سی پیک اپنی منزل تک پہنچے گا، سی پیک کے فیز 2 کا آغاز اور معاہدہ ہوچکا ہے، پی ٹی آئی حکومت میں سی پیک پر کام بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ حکومت کی 2 سالہ کارکردگی کو مہنگائی کا ذمہ دار نہیں ٹھہراتے جب کہ اپوزیشن کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ مسائل حل کرسکیں، مسائل حل کرنے کے لیے اپوزیشن کو ماضی میں موقع ملا تھا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا پاکستان کے مفاد میں نہیں، کچھ قوتیں پاکستان کے اداروں کو نیچا دکھانا چاہتی ہیں، افواج پاکستان کا قیام امن میں کلیدی کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بھارتی بیانیے کا حصہ نہ بنیں، مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم متحد ہے، حکومت کی کشمیر پالیسی بالکل واضح ہے اور اس میں کوئی لچک نہیں۔