ڈیفنس میں چھاپے کے دوران 20 کروڑ مالیت کے 75 باز برآمد، کئی اسمگلر گرفتار
شیئر کریں
پاکستان کسٹمز پریونٹیو کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے باز کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اعلی نسل کے 75 باز ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ کلکٹر کسٹمز پریونٹیو کراچی ثاقب سعید کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ڈیفنس ہاسنگ اتھارٹی کے علاقے میں اسمگلنگ کی غرض سے اعلی نسل کے باز چھپائے گئے ہیں، منظم اسمگلروں کا گروہ یہ غیر قانونی کاروبار گزشتہ طویل دورانیے سے کر رہا ہے ۔اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کلکٹر شفیع اللہ کی سرابرہی میں سپرنٹنڈنٹ افتخار ملک اور دیگر افسران و اہل کاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ڈیفنس کلفٹن کے علاقے میں واقع ایک بنگلے پر چھاپہ مارا تو وہاں پر موجود لوگوں کی جانب سے زبردست مزاحمت کی گئی۔محکمہ کسٹمز کی چھاپہ مار ٹیم اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا لیکن محکمہ کسٹمز کی چھاپہ مار ٹیم وہاں پر چھپائے گئے 75باز برآمد کرنے میں نا صرف کامیاب رہی بلکہ اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ باز کے غیر قانونی کاروبارمیں ملوث ملزمان نے اپنے گرفتار ساتھیوں اور پکڑے گئے باز (پرندوں) کو چھڑوانے کے لیے فائرنگ کی تھی لیکن ان کی یہ مزاحمت محکمہ کسٹمز کی چھاپہ مار ٹیم نے ناکام بنادی اور کامیابی کے ساتھ باز اور ملزمان کو اپنے ساتھ لے گئے ۔واضح رہے کہ بازوں کی اسمگلنگ کا کاروبار زیادہ تر عرب ممالک کے لیے کیا جاتا ہے وہاں اعلی نسل کے تربیت یافتہ باز کی بہت مانگ ہے ۔