کراچی میں بارش پانچویں روز بھی کئی علاقے بجلی سے محروم
شیئر کریں
شہر قائد میں بارش کے پانچویں روزپیرکو بھی کچھ علاقے بجلی سے محروم رہے،بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پینے کا پانی بھی میسر نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی اور اس کے مضافات میں چار روز قبل ہونے والی بارش کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،80فیڈرز بند ہونے اور20کیبل فالٹس کی وجہ سے کئی علاقوں میں تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے۔شہرِ قائد کا 25 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہے، تار ٹوٹنے اور سب اسٹیشنز بند ہونے کے باعث بھی عوام کو بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے،کیبل فالٹس اور تکنیکی خرابی کے نام پر لوڈ شیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔کے الیکٹرک کی کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں90 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی، اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکراچی کے علاقے سٹی ریلوے کالونی، ہمپ یارڈ،ہجرت کالونی،ملیر، سعود آباد، یوسف گوٹھ، کلفٹن، ڈیفنس، پنجاب کالونی میں بھی بجلی بند ہے۔اس کے علاوہ بوٹ بیسن ،اولڈسٹی ایریا،کھارادر،لیاری کے مختلف علاقوں سمیت ایم اے جناح روڈ، ڈیفنس،سائٹ کے مختلف علاقوں میں بھی 5روزسے بجلی بند ہے، میٹروول، ماری پوڑ، اورنگی، گلبرگ اور لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے۔بجلی بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دوسری جانب کراچی کی گلیاں سیوریج کا ناکارہ نظام ہونے کی وجہ سے ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔