سابق سیکریٹری توانائی آغا واصف غائب ،نیب کو تلاش
شیئر کریں
نوری آباد پاؤر پلانٹ کرپشن کیس کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو(نیب)کو سابق سیکریٹری توانائی کی تلاش ہے لیکن ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مبینہ طور پر غائب ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سندھ کے گریڈ 20 کے افسر سابق سیکریٹری توانائی آغا واصف مبینہ طور پر غائب ہو گئے ہیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ آغا واصف نوری آباد پاؤر پلانٹ کرپشن الزام کے بعد چھ ماہ کی چھٹی پر چلے گئے تھے ۔آغا واصف کو مبینہ کرپشن الزامات کے باعث 21 گریڈ میں ترقی بھی نہیں مل سکی تھی۔آغا واصف کی چھٹی ختم ہونے پر سندھ حکومت نے ان کی خدمات وفاق کے سپرد کر دی تھیں، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ انھوں نے تاحال وفاق کو رپورٹ نہیں کیا اور اس کے بجائے وہ مبینہ طور پر غائب ہو گئے ہیں۔ادھر نیب سندھ کی جانب سے سیکریٹری سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کو ایک خط میں لکھا گیا ہے کہ نوری آباد توانائی منصوبے کا پورا ریکارڈ نہیں ملا، بتایا جائے کہ سابق سیکریٹری توانائی آغا واصف کس عہدے پر اور کہاں تعینات ہیں؟ تاہم چیف سیکریٹری نے نیب سندھ کو جواب میں کہا ہے کہ آغا واصف کی خدمات کئی ماہ قبل صوبے سے وفاق کے سپرد کر دی گئی تھیں۔