کورونا وائرس حکومت کا فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے ریلیف پیکج ٹیکسز میں چھوٹ دینے کا اعلان
شیئر کریں
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کووڈ 19 کے دوران خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکج کا تعلق براہ راست ان ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کی نگرانی پر مامور ہیں،پورے ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے ہم ٹیکسز کی صورت میں کچھ سہولیات فراہم کریں گے اور انکم ٹیکس کی ریٹرن کی صورت میں کچھ رعایات دی جائیں گی،ذاتی وجوہات کی بنیاد پر بعض الیکٹرانک میڈیا پر ڈاکٹرز کی کردار کشی کے واقعات بھی سامنے آئے، جس کو دیکھتے ہوئے اب ہم پیمرا کے ساتھ مل کر ایک ضابطہ اخلاق بنائیں گے،پیکج میں مالی مراعات، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کا تحفظ، میڈیکل پروفیشنلز کی تربیت، سپورٹ میکانزم، ڈاکٹرز اور ان کے اہل خانہ کی صحت کا تحفظ، صحت کے نجی شعبے کو مراعات کی فراہمی، قومی سطح پر ان ہیروز کو یاد رکھا جائیگا ،آئندہ دنوں میں اس سلسلے میں ایک دستاویز جاری کریں گے جس میں ہر نکتے کی تفصیلات واضح کی جائیں گی۔ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کووڈ 19 کی وبا کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز (صف اول کے صحت رضاکاروں) کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس پیکج کا تعلق براہ راست ان ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کی نگرانی پر مامور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پیکج کو بنانے کا مقصد یہ بھی تھا کہ کچھ عرصے قبل ہم نے این سی او سی کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کے اہم ڈاکٹرز، ہیلتھ پروفیشنلرز کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ شروع کیا اور ان کے ساتھ کئی ویڈٰیو کانفرنسز کی گئیں اور ہم نے ان کے تحفظات کو نوٹ کیا۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس کے علاوہ تمام صوبوں کے وزرائے صحت کے صحت انفرادی اور اجتماعی طور پر بات کی گئی، جہاں ان کی طرف سے بہت اچھی تجاویز آئیں اور بہت سے خیالات نظرثانی کی گئی اور ان رابطوں کی روشنی میں اس پیکج کو تشکیل دیا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ اس پیکج کا اعلان قومی سطح پر کیا جارہا ہے اور اس کا اطلاق ہم نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے کرنا ہے جبکہ ظاہر سی بات ہے اس میں کچھ لچک دکھانے بھی ضرورت ہے جسے صوبائی سطح پر استعمال بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہمارا ہر اولین دستہ ہیں اور ہم مکمل طور پر ان پر منحصر ہیں، ہمارے ہیلتھ ورکرز ہمیں بہت عزیز ہیں، یہ ہمارے ہیروز ہیں اور ہم ان کے انتہائی مشکور ہیں کہ ایک خطرناک حالات میں بھی وہ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یقینا کوئی پیکج ان چیزوں کا مداوا نہیں کرسکتی جو یہ ہیلتھ ورکرز کر رہے ہیں۔معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ڈاکٹر اور صحت ورکرز کیلئے یہ ریلیف پیکج سات گروپس پر مشتمل ہے اور ہر گروپ میں کے مختلف نکات ہیں۔انہوں نے ان 7 گروپس کے بارے میں آگاہ کیا جس میں یہ گروپ شامل ہیں۔انہوںنے بتایاکہ پیکج میں مالی مراعات، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کا تحفظ، میڈیکل پروفیشنلز کی تربیت، سپورٹ میکانزم، ڈاکٹرز اور ان کے اہل خانہ کی صحت کا تحفظ، صحت کے نجی شعبے کو مراعات کی فراہمی، قومی سطح پر ان ہیروز کی یاد ہے ۔انہوں نے مالی مراعات کے حوالے سے بتایا کہ یہ طے کیا گیا ہے کہ پورے ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے ہم ٹیکسز کی صورت میں کچھ سہولیات فراہم کریں گے اور انہیں انکم ٹیکس کی ریٹرن کی صورت میں کچھ رعایات دی جائیں گی۔