ہم باہمی معاملات پر طالبان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں آرمی چیف کی افغان صدر سے ملاقات
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے دورے کے دوران صدر اشرف غنی اور ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقاتیں کی ہے جن میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔افغان میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ منگل کو ایک روزہ دورے پرافغانستان پہنچ گئے، پاک فوج کے سپہ سالار کے دورے کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ہمراہ تھے جبکہ افغانستان کے لیے حال ہی میں تعینات ہونے والے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی ساتھ موجود تھے۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اوربارڈرمینجمنٹ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبداللہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران خطے میں استحکام اور افغانستان میں امن کو یقینی بنانے کے لیے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ ہم جنرل قمر جاوید باجوہ کو کابل میں خوش آمدید کہتے ہیں، ملاقات میں کئی امور پر با معنی گفت و شنید ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان قیادت نے انٹرا افغان مذاکرات کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی کی جانب سے ہماری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے، ہم باہمی معاملات پر طالبان سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، ہم نے اس سلسلے میں پاکستان کے تعمیری کردار کوجاری رکھنے کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں ملاقات کی تھی۔ جس میں خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔