پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے میچز کی تعداد میں اضافے کا امکان
شیئر کریں
رواں سال جولائی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے میچز کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز منسوخ ہونے کی صورت میں پاکستان کیخلاف میچز بڑھائے جاسکتے ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچز کی تعداد 4 سے 5 کی جا سکتی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ 3 کی بجائے 4 ٹیسٹ میچز کی ہونے کی صورت میں سیریز کا آغاز 24 جولائی سے برمنگھم میں ہوگا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان ویڈیو کانفرنس میٹنگ 15 مئی کو ہوگی۔ بورڈ ذرائع کے مطابق پی سی بی دورہ انگلینڈ سے قبل تمام تر احتیاطی تدابیر اور صورتحال کا جائزہ لے گا جبکہ حکومت سے بھی دورے کے حوالے سے گائیڈ لائن لی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ سیریز کے آپشنز کے حوالے سے ابھی کچھ بھی حتمی نہیں ہے ، دونوں بورڈز جلد سیریز کے حوالے سے معاملات پر غور کریں گے ۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہے اور اسے انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے ۔انگلش کرکٹ بورڈ دو مقامات پر بند دروازوں میں کرکٹ کروانے کے لیے کوشاں ہے ۔خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ شیڈول ہے جہاں اسے 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہیں تاہم دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر سیریز کے حوالے سے حتمی طور کچھ نہیں کہا جاسکتا۔کورونا وائرس کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ نیدرلینڈز بھی ملتوی کردیا گیا ہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز میں شامل تین میچز نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں 4، 7 اور 9 جولائی کو کھیلے جانے تھے ۔